Live Updates

نواز شریف کو 1979 میں خلائی مخلوق نے ہی کونسلر بنوایا تھا، فواد چوہدری

انتخابات کے نزدیک آتے ہی اصل ایجنڈا عمران خان کے 11 نکات ہی ہوں گے الیکشن میں تاخیر قبول نہیں اور انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونا ہی سب کے مفاد میں ہے مسلم لیگ(ن)نے محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کے کہنے پر فاٹا کے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا،پریس کانفرنس

جمعہ 4 مئی 2018 22:49

نواز شریف کو 1979 میں خلائی مخلوق نے ہی کونسلر بنوایا تھا، فواد چوہدری
سلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو 1979 میں خلائی مخلوق نے ہی کونسلر بنوایا تھا، انتخابات میں تاخیر کسی طور پر بھی قبول نہیں اور انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونا ہی سب کے مفاد میں ہے،مسلم لیگ(ن)نے محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کے کہنے پر فاٹا کے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نائن الیون کے بعد وزیر ستان کے عوام پر جو گزری اس پر پی ٹی آئی کے علاوہ کسی نے دھیان نہیں دیا، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ فاٹا کے شہریوں کو برابر حقوق دیے جائیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے جو بریفنگ دی ہے اس کے مطابق فاٹا میں رواں سال بلدیاتی انتخابات اور اگلے برس صوبائی اسمبلی کے انتخابات ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی سطح کی مہم کا آغاز لاہور سے کر دیا ہے جس کے بعد 2 بڑے اجتماعات کرنے جا رہے ہیں، پہلا جلسہ 11 مئی کو وزیر ستان اور دوسرا 12 مئی کو کراچی میں ہو گا جس سے عمران خان خطاب کریں گے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)نے محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان کے کہنے پر فاٹا کے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتخابات میں تاخیر کسی طور پر بھی قبول نہیں اور انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونا ہی سب کے مفاد میں ہیں۔

انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ہیں اور اقامہ متحدہ عرب امارات کا رکھا ہوا ہے، اعلی ترین عہدوں کے باوجود انہیں پاکستان کی شہریت پر ہی اعتبار نہیں تو سیاست میں کیوں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خلاف مقدمہ ثابت ہو گیا ہے، میاں صاحب،آپ کا گھر میں مقابلہ ہو تو ہو لیکن سیاست میں آپ مقابلے کے اہل نہیں ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا بطور سیاسی جماعت قائم رہنا ممکن نہیں ہے کیوں کہ چوہدری نثار اور شہباز شریف نے اپنا جب کہ نواز شریف اور پرویز رشید اپنا گروپ بنا رکھا ہے، بچوں نے بھی اپنا گروپ بنایا ہوا ہے لہذا الیکشن میں ہمیں ٹوٹی پھوٹی پی ایم ایل این ملے گی۔فواد چوہدری نے کہا کہ انتخابات کے نزدیک آتے ہی اصل ایجنڈا عمران خان کے 11 نکات ہی ہوں گے اور یہ سب جیل جا چکے ہوں گے یا جیل جانے کی تیاری میں ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف 1979 میں کونسلر کا الیکشن بھی ہار گئے تھے لیکن انہیں خلائی مخلوق نے ہی کونسلر بنایا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات