ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے عملاً لاتعلقی سندھ حکومت کی نااہلی اور بے حسی کا کھلا ثبوت ہے، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ

جمعہ 4 مئی 2018 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی کے باوجود کے الیکٹرک و دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ، ہیٹ اسٹروک سے بچاو کیلئے اب تک کسی بھی قسم کے عملی اقدامات نہ اٹھایا جانا اور ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے عملاً لاتعلقی سندھ حکومت کی نااہلی اور بے حسی کا کھلا ثبوت ہے، سندھ حکومت عوامی و علاقائی مسائل کو حل کرنے میں یکسر ناکام ہوگئی ہے۔

ان خیالانت کا اظہار انہوں نے وحدت ہاوس سولجربازار میں ڈویژن شورا کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ پہلے سے بدحالی کی شکار عوام کو سہولیات فراہم کرے اور عوامی مسائل کو حل کرے، لیکن بدقسمتی سے موجودہ صوبائی حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی بجائے عوام کو میسر سہولیات پر بھی ڈاکہ ڈالنے اور مزید بدترین کرپشن میں مصروف ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، عوام مسائل اور حقوق کے لئے جس سطح تک جانا پڑے جائیں گے، سندھ حکومت کو اخباری دنیا سے نکل کر عوامی مسائل کے حل کے لئے اقدامات اٹھانا ہوں گے، وگرنہ عوام کی مدد سے حکومت کے خلاف سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے، سندھ حکومت کی جانب سے صوبے کی عوام کو بدترین مسائل میں جکڑ کر رکھنے کا خمیازہ پیپلز پارٹی کو آئندہ عام انتخابات میں یکسر ناکامی کی صورت میں بھگتنا پڑے گا۔#