حکومت رمضان لمبارک میں عوام کو خصوصی ریلیف دیکر قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کریں،جماعت اسلامی بلوچستان

رمضان تربیت اور اصلاح کا مہینہ، سستے بازار نمودونمائش کے لیے نہیں حقیقی معنی میں انعقاد اور تاجر کو کم سے کم منافع لینے پر پابندکیا جائے ، صوبائی بیان

جمعہ مئی 22:54

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی صوبہ بھر کے مختلف مقامات پر استقبال رمضان کے پروگرامات منعقد کر رہی ہے ۔حکومت رمضان لمبارک کیلئے اہل بلوچستان کو خصوصی ریلیف دیکر قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کریں ۔نمودونمائش یا صرف ٹینٹوں تک سستے بازار کو محدود نہ رکھیں بلکہ حقیقی سستے بازار کا انعقاد کریں تاجر کو پابند کریں کہ وہ اس ماہ مبار میں کم سے کم منافع لیں اور حکومت کی طرف سے بھی خصوصی ریلیف میسر ہو ۔

رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ صوبہ بھر کے کسی مقام پر نہ کریں ۔ رمضان اور قرآن کا اصل مقصد انسان کو زندگی کے ہر معاملے میں اپنے پروردگار کی رضا کے راستے پر چلانا ہے ، رمضان تربیت اور اصلاح کا مہینہ ہے تاکہ انسان کے باقی گیارہ مہینے بھی رمضان میں حاصل کی گئی تربیت کے مطابق گزار کر اپنے مالک کی رحمتوں کو حاصل کر سکے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سرمایہ دارو اہل خیراور تاجربرادری مساکین وغرباء اورکم آمدنی والے افراد کو رمضان المبارک کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے انفاق فی سبیل اللہ کا اہتمام کریں کم آمدنی والے افرادکی خصوصی مدد کی جائیں انفاق فی سبیل اللہ سے کسی کی آمدن ومال میں کمی نہیں ہوگی بلکہ برکت رہیگی دلی سکون واطمینان میسر ہوگااور دنیا وآخرت کی خوشیاں ملیگی جماعت اسلامی استقبال رمضان مہم کیساتھ رمضان المبارک میں فہم القرآن کلاسز ، دروس قرآن اور شب بیداریوںکے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

روزہ صرف بھوک پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ اپنے خالق حقیقی سے ایک عہد ہے کہ ہم تیرے حکم پر حرام تو کیا حلال بھی چھوڑ سکتے ہیں لیکن اگر اس عہد کے بعد بھی کوئی جھوٹ بولنا ، دھوکہ دینا ، غیبت اور چغل خوری جیسے نا پسندیدہ افعال نہیں چھوڑتا تو وہ خود کو دھوکہ دے رہا ہے اللہ کو ایسے روزہ دار کے روزے اور بھوکا پیاسا رہنے سے کوئی غرض نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہر سال ہمارے اوپر سایہ فگن ہوتا ہے ۔ اس میں امت مسلمہ کے لیے اللہ نے اپنی بے پایاں رحمت سے لیلة القدر رکھی ہے اس کی تلاش پورے رمضان المبارک میں ہونی چاہیے مگر آخری عشرے خصوصی توجہ کا مستحق ہے رمضان المبارک میں قرآن مجید فرقان حمید کا نزول ہوا اور ہمیں چاہیے کہ اس قرآن پاک سے اپنے دلوں کو روشن کر لیں ۔ اسی ماہ مقدس میں لیلة القدر کی رات بھی موجود ہے اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ماہ مقدس میں دن کو روزے اور رات کو قیام و تلاوت کے لیے مخصوص کر دیا جائے اور اپنی مغفرت کا زریعہ بنا لیں ۔