کھربوں روپے خرچ کرکے ضرورت سے زائد بجلی پیدا کرنے کے دعویدار حکمرانوں نے قوم کو دھوکہ دیا ہے ،راجہ راشد حفیظ

جمعہ 4 مئی 2018 22:45

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی اور سابق امیدوار برائے سپیکر راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ قوم کے کھربوں روپے خرچ کرکے میگا سولر اور کوئلے کے پاور پراجیکٹس سمیت دیگر منصوبوں سے ضرورت سے زائد بجلی پیدا کرنے کے دعویدار حکمرانوں نے قوم کو دھوکہ دیا ہے ․ ابھی بجلی کی مانگ میں اضافہ نہیں ہوا مگر اس کے باوجود کئی کئی گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے ․ عام انتخابات میں عوام دھوکہ دینے والے حکمرانوں کے گریبان پکڑیں گے اور انہیں مسترد کرکے جھوٹ و منافقت اور کرپشن کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ سید پور روڈ میں پارٹی ورکروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ انہو ںنے کہا کہ غیر اعلانیہ اور طویل دورانئیے کی لوڈ شیڈنگ نے حکمرانوں نے ایک اور جھوٹ کا پول کھول دیا ہے اور عوام جان چکے ہیں کہ مسلم لیگ ن دروغ گو اور مفاد پرست لوگوں کا ٹولہ ہے ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ قوم حکمرانوں سے پوچھ رہی ہے کہ جگہ جگہ وہ جس سر پلس بجلی کی پیداوار کا اعلان کر رہے تھے اور اس پر قوم کے کھربوں روپے خرچ ہوئے ہیں وہ بجلی کہاں گئی ہے ․ انہوں نے کہا کہ قوم اب دھوکہ دینے والوں کو معاف نہیں کرے گی اور ان کا الیکشن میں کڑا احتساب کرے گی ۔