علی گڑھ یونیورسٹی سے قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر ہٹانے کیخلاف احتجاج کو روکنے کیلئے شہر میں نیٹ سروس بند کردی گئی

یونیورسٹی سے بانی پاکستان قائد اعظم کی تصویر غائب کرنے کی معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں ،ْطلباء کا احتجاج

جمعہ 4 مئی 2018 23:29

علی گڑھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) علی گڑھ یونیورسٹی سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر ہٹانے کے خلاف احتجاج کو روکنے کے لیے شہر میں نیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بانی پاکستان کی تصویر ہٹانے کے معاملے پر کشیدگی میں اضافہ ہو گیا جس کے بعد ریاستی حکومت نے علی گڑھ میں نیٹ سروس بند کردی ہے تاکہ مظاہرین آپس میں رابطے نہ کرسکیں اور نہ ہی احتجاج کی خبریں نشر ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا حکم ضلعی مجسٹریٹ چندرا بھوشن سنگھ نے دیا جس کے تحت دوپہر 2 بجے سے رات گئے تک انٹرنیٹ سروس بند رہے گی۔دوسری جانب علی گڑھ یونیورسٹی کے مسلمان طلبا نے تیسرے روز بھی احتجاج جاری رکھا اور جامعہ کے باب سید گیٹ پر دھرنا دیئے بیٹھے رہے، مظاہرین نے اسی جگہ نماز جمعہ بھی ادا کی، مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ یونیورسٹی سے بانی پاکستان قائد اعظم کی تصویر غائب کرنے کی معاملے کی شفاف تحقیقات کی جائیں جب کہ حراست میں لیے گئے طالب علموں کو بھی رہا کیا جائے۔