ڈرگ رولز 1976ء کو فی الفور بحال کیا جائے۔ ضلع کے میڈیکل سٹور مالکان کا صوبائی حکومت سے مطالبہ

جمعہ 4 مئی 2018 23:33

حویلیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) ضلع بھر کے میڈیکل سٹور مالکان نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرگ رولز 1976ء کو فی الفور بحال کیا جائے، مذکورہ رولز کے خاتمہ سے نہ صرف ہزاروں لوگ بیروزگار ہو گئے ہیں بلکہ تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈپلومہ ہولڈر پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمت سے غریب طبقہ کے لوگ محروم ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے پسماندہ اضلاع کے لوگ علاج و معالجہ کیلئے ہزاروں روپے کی ڈاکٹروں کی فیسیں دینے کی استطاعت نہیں رکھتے، چیف جسٹس آف پاکستان از خود نوٹس لیکر فارمیسی ایکٹ 1976ء کو بحال کریں اور محکمہ صحت کے تجربہ کار عملہ کو عطائی نہ کہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ عملہ ہسپتالوں اور سنٹروں پر کام کرنا چھوڑ دیں تو عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ محکمہ صحت کے کوالیفائیڈ عملہ کو عطائی کہنا ان کے کام کی توہین ہے۔