پاکستان کو نظریاتی بنیادوں پر کھوکھلا کرنے کی سازشیںکامیاب نہیں ہونے دیں گے، مزمل اقبال ہاشمی

ہم پوری قوم کو وطن عزیز کے دفاع میں متحد، ملک کا نام روشن اور اس کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنائیں گے، نائب صدر ملی مسلم لیگ

جمعہ مئی 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مئی2018ء) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ پاکستان کو نظریاتی بنیادوں پر کھوکھلا کرنے کی سازشیںکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم پوری قوم کو وطن عزیز کے دفاع میں متحد، ملک کا نام روشن اور اس کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنائیں گے۔ علمائے کرام اور دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین باہم مل بیٹھ کر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں اور حکومت پر دبائو بڑھایا جائے کہ وہ اپنی سمت درست رکھے اور ایسے اقدامات نہ اٹھائے جائیں جن سے ملک و ملت کے استحکام کو نقصان پہنچتا ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد خالد بن ولید پی ای سی ایچ سوسائٹی میں اجتماع جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ ہم قائد اعظم اور علامہ اقبال کے تصور کے مطابق پاکستان چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہمارے سیاست میں آنے سے لبرل ازم کا نعرہ لگانے والوں کو سخت پریشانی لاحق ہے۔ پاکستان کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کیا گیا ملک ہے لیکن آنے والے حکمرانوں نے دوقومی نظریہ سے انحراف کیا۔

نصاب تعلیم سے نظریہ کو نکالا گیا۔ ہم نظریہ پاکستان پر سیاست کریں گے اور اسی نعرے پر سب کو متحد کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ کلمہ طیبہ پڑھنے والے سب ایک قوم ہیں، جن کے اندر علاقائیت اور وطنیت کے کوئی سلسلے نہیں ہیں۔ اس کلمہ پر سب متحد ہوجائیں تو تمام اختلافات ختم ہو جائیں گے۔ دوقومی نظریہ کی بنیاد پر پاکستان بن چکا اب اس کو صحیح اسلامی پاکستان بنانا ہے۔