رائل تھائی قونصلیٹ اور تھائی ائیر ویز کے تعاون سے 4 تا 15 اپریل 2018 تھائی فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا، جنرل منیجربیچ لگژری ہوٹل عظیم قریشی

غیر ملکی سفارت کاروں سمیت اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا ،سی پیک معاہدے سے کراچی میں کاروباری سرگرمیوں میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے، پریس کانفرنس

جمعہ 4 مئی 2018 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) بیچ لگژری ہوٹل کے جنرل منیجر عظیم قریشی نے کہا ہے کہ رائل تھائی قونصلیٹ اور تھائی ائیر ویز کے تعاون سے 4 تا 15 اپریل 2018 تھائی فوڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا،جس میں غیر ملکی سفارت کاروں سمیت اہم شخصیات کو مدعو کیا جائے گا ،سی پیک معاہدے سے کراچی میں کاروباری سرگرمیوں میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے ،وہ منگل کو بیچ لگژری ہوٹل میں اعزازی مشیر تجارت تھائی لینڈعارف سلمان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،اس موقع پر تھائی قونصلیٹ کے نمائندے مبین انصاری ،ڈائریکٹر ایف اینڈ بی عمران الرحمن شیف ،عبدالقادر ودیگر بھی موجود تھے ،ایک سوال پر عظیم قریشی نے کہا کہ سی پیک معاہدے اور کرکٹ میچ کے سبب شہر کے ہوٹلوں کو اربوں روپے کا بزنس ملا ہے اور آج ہوٹل میں رہائش کے لئے کمرے نہیں مل رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہوٹل کے 70 سال مکمل ہونے کے بعد ہمارے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ ہوٹل کو 4 اسٹار کا درجہ مل چکا ہے ،انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ہوٹل میں سری لنکن اور چائنیز فوڈ فیسٹیول منعقد ہوئے اور اب عید الفطر کے بعد ترکی کھانوں کا فوڈ فیسٹیول منعقد ہوگا،جس سے واضح ہوچکا ہے کہ شہر میں ماضی کے مقابلے میں روز بروز امن وامان کی صورتحال بہتر ہورہی ہے ،جس کی وجہ سے تجارتی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں،انہوں نے کہا کہ ملتان ،لاہور ،راولپنڈی اور مری میں آواری ہوٹل کی شاخیں قائم کی جارہی ہیں،انہوں نے کہا کہ اس سال کراچی کو بیچ لگژری ہوٹل کی سترویں سالگرہ کے حوالے سے ایک سلسلہ وار جشن دیکھنے کا موقع ملے گا،جشن کا آغازدلچسپ فوڈ بسنت میلہ منعقد ہوا جس میں1500 سے زائد افراد نے شرکت کی،اس کے علاوہ پاکستانی فوڈ فیسٹیول کا بھی انعقاد کیا گیا اور اب تھائی فوڈ فیسٹیول منایا جارہا ہے ،تھائی لینڈ جو بے شمار مسکراہٹوں کی زمین ہے اپنے کھانوں اور شاندار ثقافتی ورثہ کے لئے مشہور ہے،انہوں نے کہا کہ تھائی فوڈ فیسٹیول 2 ہفتہ کے لئے ایک بہترین مینو پیش کررہا ہے جو تھائی لینڈ میں سب سے بہترین اور تازہ ترین اجزاء سے تیار ہوتا ہے جس سے کھانے کے شوقین افراد تھائی فوڈ فیسٹیول میں لطف اندوز ہوسکتے ہیں،اس موقع پر عارف سلمان نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان ایف ٹی اے معاہدے سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا ،انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کو پاکستانی مصنوعات برآمد کرنے میں بڑی رکاوٹ ٹیکسز کی بھرمار ہے،انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کو فروٹس کی برآمد بڑھاکر زرمبادلہ اضافی حاصل کیا جاسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں بھی تھائی لینڈ پاکستان کی مدد کرسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ اس وقت تھائی لینڈ پاکستان کو ایک اعشاریہ 47 ارب ڈالر کی مصنوعات برآمد کرتا ہے ،جبکہ پاکستان کی جانب سے تھائی لینڈ کو 100 ملین ڈالر کی مصنوعات ایکسپورٹ کی جاتی ہیں،انہوں نے کہا کہ تھائی ائیر ویز کی کراچی کے علاوہ لاہور اور اسلام آباد کے لئے پروازیںچلائی جارہی ہیں جو اچھے تعلقات کی نشاندہی کرتی ہیں۔