ڈاکٹر رتھ فا سول اسپتال کراچی میں مریضوں کی مشکلات میں گرمی بڑھنے کی وجہ سے مزید اضافہ

او پی ڈی کی پرچی حاصل کرنے کے لیے طویل قطار میں کھڑی گائینی کی مریضہ بے ہوش ، مزید مریضوں کی حالت خراب

جمعہ 4 مئی 2018 23:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) کراچی میں گرمی بڑھنے سے سندھ کے سب سے بڑے سرکاری ڈاکٹر رتھ فا سول اسپتال کراچی میں مریضوں کی تعداد اور مشکلات میں اضافہ، اسپتال کے احاطے میں ہی مریض بے ہوش ہونے لگے۔ اسپتال میں آئی گائینی کی مریضہ او پی ڈی کی پرچی حاصل کرنے کے لیے دھوپ میں لگی طویل لائن میں کھڑی تھی اور چھائوں کا انتظام نا ہونے کی وجہ سے وہیں بیہوش ہوگئے۔

قطار میں موجود لوگوں نے مریضہ کو اپنی مدد آپ کے تحت ڈاکٹر کے پاس پہنچایا، وہاں موجود سول اسپتال اور فلاحی اداروں کے عملے نے بتایا کہ یہاں روز مریض بہوش ہوتے مرد ہو عورت ہو یا بزرگ شہری لیکن لیڈیز مریض کثیر تعداد میں بے ہوش ہوتی ہیں۔ سول اسپتال کراچی میں او پی ڈی کی پرچی حاصل کرنا ایک مشکل ترین عمل ہے۔

(جاری ہے)

او پی ڈی کی پرچی حاصل کرنے کے لیے لوگ گھنٹوں لائین میں کھڑے رہتے ہیں اور اس دوران کچھ لوگ گرمی اور کچھ لوگ بھوک اور پیاس کی وجہ سے بھی بیہوش ہو جاتے ہیں۔

وہاں موجود انصاف یونین کے پیرا میڈیکل اسٹاف پیر صالح شاہ کے ساتھ عوام نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار سے اپیل کی ہے کہ سول اسپتال کراچی کی حالت پر نوٹس لیں اور اسپتال کا ایک اچانک سے دورہ کریں اور یہاں مریضوں کی مشکلات کا جائزہ لیں انہوں نے کہا کہ سول اسپتال کی انتظامیہ نااہل ہے انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ کے او پی کی پرچی اسی شعبے سے حاصل ہو تو مریضوں کا رش تقسیم ہو جائے گا ان کی مشکلات میں واضح کمی واقع ہوگی انہوں نے بتایا کی او پی ڈی پرچی حاصل کرنے کے لیے ہر طرح کے مریض کو گھنٹوں لائن میں کھڑا رہنا پڑتا ہے چاہے وہ گائینی کا ہو نیورو کا ہو آرتھوپیڈک ہو یا اور کسی شعبہ کا ہو انہوں نے کہا کے ہر شعبے کا کمپیوٹر سسٹم اسی شعبے میں موجود ہونے سے رش کا دبا کم ہو جائے گا۔