”اللہ آپکوہمیشہ خوش رکھے“ بزرگ مریض کی شہباز شریف کو دعائیں

وزیراعلیٰ نےضلعی ہسپتال وہاڑی میں باقاعدہ پرچی لیکرصحت کارڈ حاصل کیا اورپراسیس کےبارے میں تفصیلی مشاہدہ کیا،شہبازشریف کا مریض بچوں کوپیار،عوام نے شہبازشریف کاپرجوش نعروں اورتالیوں سےاستقبال کیا۔میڈیا رپورٹس

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ مئی 20:36

”اللہ آپکوہمیشہ خوش رکھے“ بزرگ مریض کی شہباز شریف کو دعائیں
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کے دورہ پر پہنچے تو ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے لوگوں کی کثیر تعداد جمع ہو چکی تھی، وزیر اعلی گاڑی سے باہر نکلے تو عوام کے ہجوم نے پرجوش نعروں اور تالیوں سے ان کا استقبال کیا، وزیر اعلی ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیتے رہے ۔

انہوں نے ضلعی ہسپتال میں پتھالوجی لیب، انسینریٹر، لیپروسکوپک آپریشن تھیٹر، سی ٹی سکین مشین اور فلٹر کلینک کا افتتاح کرنے کے بعد ہسپتال کے مختلف وارڈوں کا دورہ کیا۔وزیراعلی اوپی ڈی پہنچے ، انہوں نے استقبالیہ پر باقاعدہ پرچی حاصل کی اور کارڈ بنوایا ۔ وزیر اعلی نے پر سکون انداز میں باری کا انتظار کیا اور پرچی بنوائی۔

(جاری ہے)

اوپی ڈی میں وزیر اعلی نے مریض بچوں کو پیار کیا اور انہیں سہلاتے رہے۔

انہوں نے بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی- ایک بزرگ مریض وزیر اعلی کو دیکھ کر ان کے پاس آگئے اور کہا کہ شہباز شریف صاحب آپ نے بہت ہی اچھا ہسپتال بنایا - میں نے کبھی ایسا ہسپتال نہیں دیکھا - اللہ آپ کو خوش رکھے - آپ عوام کی بہت خدمت کر رہے ہیں - وزیر اعلی نے دعائیں دینے پر بزرگ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلی نے آئی سی یو میں داخل مریضوں کی باری باری عیادت کی اور ان سے ہسپتال میں ڈاکٹروں کے رویے ، طبی سہولتوں اور ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔

بعدازاں وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اتحاد اور یکجہتی پر زور دیا اور شعر پڑھا !    ”فرد قائم ربط ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں، موج ہے دریا میں اور بیرون دریا کچھ نہیں“ وزیر اعلی نے اس موقع پر اپنے پسندیدہ اشعار بھی دہرائے! ”تمنا آبرو کی ہے اگر گلزار ہستی میں، تو کانٹوں میں الجھ کر زندگی کرنے کی خو کر لے،نہیں یہ شان خود داری چمن سے توڑ کر تجھ کو،کوئی دستار میں رکھ لے کوئی زیب گلو کر لے“۔

وزیر اعلی نے گفتگو کے آخر میں پاکستان زندہ باد ، قائد اعظم زندہ باد اور نواز شریف زندہ باد کے نعرے لگائے۔وزیر اعلی سی ٹی سکین مشین ، انسینریٹر ، لیپروسکوپک آپریشن تھیٹر اور پتھالوجی لیب کا دورہ کرتے ہوئے مختلف مشینوں کی کارکردگی کے بارے میں دریافت کرتے رہے - وزیر اعلی نے پتھالوجی لیب میں کام کرنے والی کیمسٹ خاتون سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کی اور انہیں مزید ترقی کے لئے دعائیں دیں۔