میاں آدم شاہ کلہوڑو کا 420واں عرس 12مئی کو منایا جائیگا ،صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ افتتاح کرینگے

جمعہ 4 مئی 2018 23:50

سکھر۔ 4مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) میاں وال تحریک کے بانی شہید میاں آدم محمد شاہ کلہوڑو کا 420واں سالانہ عرس مبارک 12مئی 2018بمطابق 25شعبان المعظم 1439کوآدم شاھ کی ٹکری سکھر میں منایا جائیگا ۔جس کا افتتاح صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ مزار پر پھولوں کی چادر چڑھاکر کرینگے ۔ ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو کی زیر صدارت میاں آدم محمد شاہ کلہوڑو کے سالانہ عرس کے انتظامات کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کے دوران درگاھ کے سجادہ نشین اور عرس کمیٹی کے چیئرمین میاں جہانگیر عباسی نے کہا کہ میاں آدم شاھ کلہوڑے کی مذہبی شخصیت اور میاں وال تحریک میں انکے سیاسی کردار پر روشنی ڈالنے کے لئے عرس کے موقع پر سیمینار کا بھی اہتمام کیا جائیگا ۔

جس میں ناموار ادیب اور محقق اپنے مقالات پیش کرینگے ۔

(جاری ہے)

ڈی سی سکھر رحیم بخش میتلو نے پولیس افسران کوہدایت کی کہ رینجرس کے ساتھ سیکیورٹی اور ٹریفک پلان بنایا جائے تاکہ میاں آدم شاھ کلہوڑو کے عرس کے موقع پر کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے اور سیکیورٹی انتظامات سخت کئے جائیں ۔انہوںنے کہا کہ سیپکو انتظامیہ کو عرس کے دن شام کو 6بجے سے رات کے 12بجے تک لوڈشیڈنگ سے گریز کرنے کو کہا جائیگا ،جبکہ انہوں نے ایم ایس سول اسپتال سکھر کو عرس کے موقع پر ایمبولنس فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

ڈی سی سکھر نے میونسپل انتطامیہ کو ہدایت کی کہ عرس کے موقع پر آدم شاھ کی ٹکری کی جانب آنے جانے والے شاہراہوں پر صفائی ستھرائی اور لائیٹنگ کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے جبکہ محکمہ جنگلات کو عرس کے موقع پر شجرکاری کرنے کی بھی ہدایت کی ۔