آواران سمیت پورے بلوچستان میں قیام امن کے لئے ہمارے سیکیورٹی فورسز اور عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں،جن عناصر نے پاکستان دشمنوں کے ایماء پر صوبے میں تباہی پھیلانے کی کوشش کی عوام نے ان کو یکسر مسترد کردیا ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

ہفتہ 5 مئی 2018 00:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ آواران سمیت پورے بلوچستان میں قیام امن کے لئے ہمارے سیکیورٹی فورسز اور عوام نے بیش بہا قربانیاں دی ہیں، اب ہمارا فرض ہے کہ ہم اس امن کو جاری وساری رکھیں، جن عناصر نے پاکستان دشمنوں کے ایماء پر صوبے میں تباہی پھیلانے کی کوشش کی عوام نے ان کو یکسر مسترد کردیا ہے، ہمارا مقصد آواران کو اعلیٰ تعلیم یافتہ ضلع بنانا ہے اس سلسلے میں عسکری قیادت کی معاونت قابل تحسین ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آواران میں طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میجر جنرل ندیم ذکی جی او سی33ڈیو،ڈپٹی کمشنر آواران اصغر شہباز اور دیگر سول وعسکری حکام بھی موجود تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آواران اور صوبے کے دیگر علاقوں میں امن کی بحالی کے لئے پاک فوج، ایف سی، لیویز، پولیس اور عوام نے بہت قربانیاں دیں، ہم یہ قربانیاں قطعی رائیگاں جانے نہیں دینگے اور یہ امن ہمیشہ قائم رہے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے آواران کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 2013ء کے الیکشن میںآپ نے جن سخت حالات میں ووٹ ڈالا وہ تعریف کے لائق ہے، وہ ووٹ میرے لئے انتہائی قیمتی ہیں ،میں آپ کے لئے جتنا کروں اس کاحق ادا نہیں کرسکتا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام نے بڑی دلیری سے پاکستان کا جھنڈا ہاتھ میں تھامتے ہوئے ووٹ ڈالا اور انتخابات کا عمل مکمل کیا،انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا منصب جو مجھے ملا ہے وہ آپ لوگوں کی دعاؤں کا نتیجہ ہے اور میرے لئے ایک عظیم موقع ہے کہ میں آپ لوگوں کی خدمت کرسکوں۔

وزیراعلیٰ نے طلباء وطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم سے بڑھ کر کوئی چیزاہم نہیں، اگر آج آپ محنت کریں گے اور پڑھ لکھ لیں گے تو آپ کا مستقبل روشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت صوبہ بھر میں طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کررہی ہے تاکہ وہ آگے بڑھ سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعلیم ہی کی بدولت آج کوئٹہ ڈویژن کا کمشنر وہ شخص ہے جس کا تعلق اسی پسماندہ ضلع آواران مشکے سے ہے، انہوں نے تعلیم کو اپنا مقصد بنایا اسی طرح اگر آپ محنت کریں گے تو آپ بھی سیاستدان، کمشنر، سیکریٹری اور جنرل بنیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آواران میں جو کام ہورہا ہے آپ لوگ اس کی نگرانی خود کریں،اگر کوئی ٹھیکیدار اس میں غلطی کرتا ہے تو آپ اس کی نشاندہی کریںکیونکہ یہ سڑکیں، واٹراسکیمات یہ سب آپ لوگوں کی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں تعلیم، صحت، پانی کی فراہمی اور ڈیمز پر زیادہ توجہ دیں گے، ہمارے پاس وقت کم ہے لیکن زیادہ سے زیادہ کوشش ہوگی کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بناسکیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آرمی چیف کی کوششوں سے M-8پر دوبارہ کام کا آغاز جلد شروع ہوگاجبکہ بیلہ-آواران روڈ کو دو رویہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آواران گریڈ اسٹیشن کی منظوری ہوگئی ہے جسے جلد ٹینڈر کے لئے پیش کیا جائے گا جبکہ آواران گریڈ اسٹیشن کو حوشاب گریڈ اسٹیشن سے منسلک کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آواران میں کیڈٹ کالج ہماری دیرینہ خواہش تھی جس پر پاک فوج کی معاونت سے کام شروع ہوچکا ہے۔

انہوںنے کہا کہ آواران میں تعلیم کے فروغ کے لئے آرمی پبلک اسکول کے قیام پر بھی جلد کام شروع کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے علم حاصل کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ بچے ہمارا اثاثہ ہیں حکومت ان کی ترقی اور بہبود کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ نی400 طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔