صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ ِاور صوبہ بھر میں علم کی رونقیں بڑھانے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے،میر عبدالقدوس بزنجو

ہفتہ 5 مئی 2018 00:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہاہے کہ موجودہ صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ ِاور صوبہ بھر میں علم کی رونقیں بڑھانے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے جسکے مستقبل و قریب میں دور رس نتائج برآمد ہونگے ، نوجوان نسل کو جدید تقاضوں کے مطابق آراستہ کرنا اور ان میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کی اہمیت کو اجا گرکرنااور نوجوانوںکو ہنر مند بنانا وقت کی ضرورت ہے جس کے لئے صوبائی حکومت تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے اپنے حلقہ انتخاب آواران کے طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کمانڈنٹ 33ڈویژن میجر جنرل ندیم زکی منج ، بریگیڈیئر حسن افضال ودیگر سیاسی و عسکری حکام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی بلوچستان نے ضلع آواران کے مختلف علاقوںنوکجو گجر ،گجلی ،ساکا قلات ،جھائو،ڈنڈار، اور آواران شہر کے 400طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے ، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کاوزارت کا منصب سنبھالنے کے بعد اپنے حلقہ انتخاب کا دوسرا دورہ تھا ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ طلباء میں علم کی رونق بڑھانے اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی خاطر صوبائی حکومت پورے بلوچستان میں ہزاروں لیپ ٹاپ تقسیم کرچکی ہے جسکے تسلسل میں آج یہاں آواران کی طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے جارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ناخواندگی کا خاتمہ ہمارا مشن ہے رواں سال کے بجٹ میں بھی ہم نے تعلیم کوسب سے زیادہ فوقیت دیکر اس شعبے کے لئے خطیررقم مختص کی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمانڈ نٹ 33ڈویژن میجر جنرل ندیم زکی منج نے کہاکہ پاک آرمی حکومت کے ساتھ مل کر عوام کی فلاح وبہبود اور ان کی خوشحالی اور امن وامان کے قیام کے لئے اقدامات کررہی ہے ۔بلوچستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار وسائل سے نوازاہے صوبے کے عوام کو ان وسائل کا بھر پور فائدہ ملے گا ، سی پیک کا مرکز بلوچستان ہے سی پیک پراجیکٹ کا سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کے عوام کوہی ملے گا اور ساتھ ہی اس منصوبے سے دیگر صوبے بھی فائدہ حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے کہا طلباء اپنی تمام ترتوجہ علم حاصل کرنے پر مرکوز رکھیں نئی نسل لکھ پڑھ کر ملک و قوم کی خدمت میں اپنا مثبت کرداراداکرے۔