حلقے کے کونے کونے میں سوئی گیس فراہم کر دی گئی‘ عوام سے جو بھی وعدے کیئے تھے ان کو پورا کیا گیا‘ شیخ آفتاب احمد

ہفتہ 5 مئی 2018 02:10

حضرو۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حلقے کے کونے کونے میں سوئی گیس فراہم کر دی گئی‘ عوام سے جو بھی وعدے کیئے تھے ان کو پورا کیا گیا‘ ملک میں جو بھی بڑے منصوبے مکمل کئے گئے اس کا تمام کریڈٹ محمد نواز شریف کو جاتا ہے‘ محمد نواز شریف کے خلاف کی جانے والی تمام سازشیں ناکامی سے دوچار ہونگی ‘ قوم محمد نواز شریف کے شانہ بشانہ کھڑی ہے‘ 2018کا الیکشن ملکی ترقی روکنے اور ملکی ترقی کرنے والوں کے درمیان ہے‘ پاکستانی قوم باشعور ہے اچھی طرح جانتی ہے کہ قوم کے مسائل صرف محمد نواز شریف ہی حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی گائوں ملاں منصور کو سوئی گیس کی فراہمی کی افتتاحی تقریب کے بعد بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جلسے سے چیئرمین شیخ ناصر محمود ،چیئرمین ملک نسیم نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر امیدوار پی پی 1شیخ سلمان سرور ،ڈاکٹر محمد اشرف بٹ ، شیخ سہیل ،وائس چیئرمین حاجی محمد نعیم ،طلال بٹ، وائس چیئرمین شیخ بابر ،سعید الرحمان، کے علاوہ کثیر تعداد میں معززین علاقہ موجود تھے۔

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ 2013کے الیکشن مین حلقے کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ دیہاتوں کو شہروں کی سطح پر لایا جائے گا یہی وجہ ہے کہ چھچھ کے 126دیہاتوں کو سوئی گیس فراہم کی گئی کارپٹ سڑکوں کے جال بچھائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے ملک میں تعمیر و ترقی کا آغاز ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف ایک جرات مند لیڈر ہیں یہی وجہ ہے کہ کلنٹن کے ٹیلی فون پر ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے عوض لاکھوں ڈالڑ کی آفر ٹھکرا کر ملک کو ایٹمی قوت بنایا‘ آج ملک میں جو بھی بڑے منصوبے جاری ہیں انکا تمام کریڈٹ محمد نواز شریف کو جاتا ہے ۔

شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ میری سیاست اٹک کے عوام کے مسائل حل کرنے کی ہے عوامی وعدے پورے کرکے عوام کے سامنے سرخرو ہوں ‘ ملاں منصور کے عوامی حلقوں نے سوئی گیس جیسا دیرینہ مطالبہ پورا کرنے پر شیخ آفتاب احمد کو خراج تحسین پیش کی ہے ۔