مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار علی خان آج شام پریس کانفرنس کریں گے

چودھری نثار علی خان آج شام پریس کانفرنس میں پارٹی امور اور ملکی معاملات پر بات کریں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ مئی 11:43

مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار علی خان آج شام پریس کانفرنس کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 مئی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار علی خان آج شام اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ چودھری نثار علی خان آج شام 4 بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ آج شام کی پریس کانفرنس میں ن لیگی رہنما پارٹی امور اور ملکی معاملات پرمیڈیا نمائندگان سے بات چیت کریں گے۔ میڈیا ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چودھری نثار علی خان نے مسلم لیگ ن سے علیحدگی اختیار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آج کی پریس کانفرنس میں چودھری نثار علی خان پارٹی سے اپنی 35 سالہ وابستگی سے متعلق بھی بات کریں گے۔ البتہ پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ پارٹی قیادت پر چھوڑیں گے۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان پارٹی ٹکٹ کے لیے قیادت کو درخواست نہیں دیں گے۔ وہ پارٹی سے متعلق مستقبل کا فیصلہ پارٹی قیادت پر ہی چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

چودھری نثار علی خان آئندہ انتخابات میں ممکنہ طور پر آزاد اُمیدوار کے طور پر انتخاب لڑنے کا اعلان کریں گے۔

تاہم پارٹی ٹکٹ ملنے کی صورت میں چودھری نثار علی خان پارٹی کے نشان پر ہی الیکشن لڑیں گے۔میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگی رہنما چودھری نثار علی خان بطورسابق وفاقی وزیرداخلہ رونما ہونے والے اہم واقعات پربھی اظہارخیال کریں گے۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نا اہلی اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی سیاست میں انٹری کے بعد چودھری نثار علی خان کے پارٹی سے کچھ اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔

مریم نواز کی پارٹی معاملات میں بے جا دخل اندازی پر چودھری نثار علی خان نے متعدد پارٹی پالیسیوں سے اختلاف کیا اور اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اپنے سے کم عمر اور سیاسی تجربہ نہ رکھنے والے کو سر یا میڈم کہہ کر نہیں بُلا سکتے۔ عدلیہ مخالف بیانات پر بھی چودھری نثار علی خان نے نواز شریف کے بیانیے کی حمایت کرنے سے انکار کیا تھا۔