کراچی،قیامت خیز گرمی، لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا

کورنگی اور دیگر علاقوں میں13 گھنٹے بجلی غائب رہنے سے پانی کا بحران بھی سنگین ہوگیا بن قاسم پاور پلانٹ میں خرابی کے باعث 180 میگا واٹ بجلی کا شارٹ فال ہے تاہم کوشش ہے کہ صارفین کی ہرممکن معاونت کی جائے، ترجمان کے الیکٹرک

ہفتہ 5 مئی 2018 12:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) شہر قائد میں ایک جانب قیامت خیز گرمی پڑ رہی ہے تو دوسری جانب لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔شہر کے کئی علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری دہرے عذاب سے بلبلا اٹھے جبکہ کورنگی اور دیگر علاقوں میں تیرہ گھنٹے بجلی غائب رہنے سے پانی کا بھی سنگین بحران پیدا ہوگیاہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرمی بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے کراچی میںلوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے سے بڑھ 13گھنٹے تک پہنچ گیاہے جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی3سے 4گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔مختلف علاقوں میں وولٹیج کی کمی کی بھی شکایات ہیں۔

(جاری ہے)

لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں لیاقت آباد، لانڈھی، کورنگی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، میٹرول، سائیٹ، نارتھ کراچی، ناظم آبادسمیت شہر کے دیگر علاقے شامل ہیں۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کی ترجمان سعدیہ داداکے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ میں خرابی کے باعث اضافی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے جبکہ خرابی کے باعث 180 میگا واٹ بجلی کا شارٹ فال ہے تاہم کوشش کی جارہی ہے کہ صارفین کی ہرممکن معاونت کی جائے۔ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ بن قاسم پاور پلانٹ کی باقاعدہ مینٹینینس ہوتی رہی ہے اور گزشتہ 7سے 8 سال میں ایک ارب 70کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے۔