افغان ضلع کو ہستان پر طالبان کا قبضہ، فورسز پسپا،چارسینئر اہلکاروں سمیت 11فوجی ہلاک

طالبان نے عدالت کی عمارت کو آگ لگا دی ،راکٹ حملوں سے پولیس مرکز تباہ،ہرات میں فوجی اپنے تین ساتھیوں کو ہلاک کرکے فرار

ہفتہ 5 مئی 2018 12:27

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) افغان طالبان عسکریت پسندوں نے پولیس کے ساتھ شدید لڑائی کے بعد جس میں پولیس کے پانچ اہل کار اور عسکریت پسند ہلاک ہو ئے، ملک کے شمالی حصے میں واقع کوہستان ضلع پر قبضہ کر لیا ہے۔ادھرطالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے چار سینئر فوجی عہدے داروں سمیت 11 گیارہ سیکیورٹی اہل کاروں کے مارنے جانے کی خبردیتے ہوئے کہاہے کہ طالبان نے فوجی ساز وسامان بھی تباہ کر دیا ہے۔

ادھر ایک فوجی عہدے دارنے اپنے تین ساتھیوں کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد فرار ہو گیا۔ یہ واقعہ صوبہ ہرات میں پیش آیا۔غیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے مقامی صوبائی کونسل کے ایک رکن نے کہا کہ قبضے کے بعد طالبان نے عدالت کی عمارت کو آگ لگا دی اور پولیس کے مرکز پر راکٹوں سے حملہ کیا جس سے وہ تباہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

شمال مشرقی زون کی افغان اسپیشل فورس کے ترجمان جاوید سلیم نے بتایا کہ بدخشاں صوبے کا ضلع کوہستان کل شام دشمنوں کے کنٹرول میں چلا گیا ہے اور ہمیں وہاں سے پسپا ہونا پڑا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی مرکز سے باہر موجود افغان فورسز جوابی حملہ کرنے اور قبضہ واپس لینے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔بدخشاں صوبائی کونسل کی ایک رکن طاہرہ صباح عالمیار نے بتایا کہ دو اہم ضلعی عمارتوں کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ طالبان نے ٹیلی مواصلات کا نظام بھی کاٹ دیا ہے۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چار سینئر فوجی عہدے داروں سمیت 11 گیارہ سیکیورٹی اہل کار مارے گئے ۔

ترجمان نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ طالبان نے فوجی ساز وسامان بھی تباہ کر دیا ہے۔طالبان کی جانب سے کوہستان پر قبضہ ایک ایسے موقع پر ہوا ہے جب چند روز پہلے افغانستان کی تعمیر نو سے متعلق اسپیشل انسپکٹر جنرل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ 407 افغان اضلاع میں سے 59 پر طالبان کا کنٹرول ہے جب کہ 119 اضلاع میں طالبان اور حکومتی فورسز کے درمیان لڑائیاں ہو رہی ہے ۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حکومت کا کنٹرول صرف 229 اضلاع تک محدود ہے۔ادھرافغانستان سے ہی ایک اور خبر میں بتایا گیا کہ ایک فوجی عہدے دار اپنے تین ساتھیوں کو گولی مار کر ہلاک کرنے کے بعد فرار ہو گیا۔ یہ واقعہ صوبہ ہرات میں پیش آیا۔