سلمان خان کی فلم ریس 3 کو ڈسٹری بیوشن رائٹس کی مد میں بالی وڈ کی سب سے بڑی پیش کش

فلم ریس 3‘ 15 جون کو نمائش کیلئے پیش کی جانی ہے ،ْ فلم کی نمائش میں کم ہی عرصہ رہ گیا ہے

ہفتہ 5 مئی 2018 12:48

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) بالی وڈ اسٹار سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ کو ڈسٹری بیوشن رائٹس کی مد میں 190 کروڑ بھارتی روپے کی پیش کش ہوئی ہے جو فلمی دنیا کی بڑی آفر قرار دی گئی۔سلمان خان کی فلم ریس 3‘ 15 جون کو نمائش کیلئے پیش کی جانی ہے اور فلم کی نمائش میں کم ہی عرصہ رہ گیا ہے۔فلم کی شوٹنگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور فلم کی ایڈیٹنگ کا کام جاری ہے تاہم اب فلم کے ٹریلر جاری ہونے سے پہلے ہی بڑے بڑے پروڈکشن ہاؤسز فلم کی خریداری کے لیے لائن میں کھڑے ہو گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کی فلم ’ریس 3‘ کے ڈسٹری بیوشن رائٹس کی خریداری کیلئے ’فوکس اسٹار اسٹوڈیو‘،’ریلائنس انٹرٹینمنٹ‘، ’یش راج فلمز‘ اور ’ایروس انٹرنیشنل‘ نے بولیاں لگائی تھیں تاہم ’ایروس انٹرنیشنل‘ نے سب سے بھاری پیش کش کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا میں زیر گردش خبروں کے مطابق فلم کے پروڈیوسر رمیش تورانی کو ’ایروس انٹرنیشل‘ نے فلم کے ڈسٹری بیوشن رائٹس کی مد میں 190 کروڑ کی پیش کش کی ہے جو کسی بھی فلم کے ڈسٹری بیوشن رائٹس کی مد میں اب تک کی سب سے بڑی پیش کش ہے۔

پروڈکشن ہاؤس کے جانب سے 160 کروڑ سیکیورٹی ڈپازٹ اور 30 کروڑ پرنٹنگ اور اشتہارات کی مد میں دینے کی آفر کی گئی ہے۔ایروس انٹرنیشنل کی جانب سے بھاری معاوضے کی پیش کش پر یش راج فلمز اور فاکس اسٹار بھی حیران رہ گئے ہیں اور بولی سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔بھاری پیش کش کے بعد جلد ہی فلم کے ڈسٹری بیوٹر رائٹس کا معاہدہ ہونے کے امکانات ہیں تاہم فلم کے سیٹلائٹ رائٹس اس کے علاوہ ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل سلمان خان کی ہی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ نے ڈسٹری بیوشن رائٹس کی مد میں 132 کروڑ کا معاہدہ کیا تھا۔