دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کیلئے کوہلی نے سرے سے معاہدہ کرلیا

کوہلی معاہدے کے بعد اپنے ملک میں افغانستان کے خلاف واحد میچ نہیں کھیل سکیں گے

ہفتہ 5 مئی 2018 13:12

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے رواں سال دورہ انگلینڈ کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کردیں اور انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے کوہلی کاؤنٹی کرکٹ کھیلیں گے۔مایہ ناز بلے باز اور بھارتی کپتان کوہلی نے انگلش کاؤنٹی سرے سے معاہدہ کر لیا اور وہ جون میں دورہ انگلینڈ سے قبل ایک ماہ کے لیے سرے کاؤنٹی کی نمائندگی کریں گے۔

بھارتی ٹیم رواں سال اگست میں انگلینڈ کا دورہ کررہی ہے جہاں وہ تاریخ میں پہلی مرتبہ انگش سرزمین پر 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔دورہ جنوبی افریقہ کے لیے قبل از وقت تیاریاں نہ کرنے کا خمیازہ بھارت کو ٹیسٹ سیریز میں شکست کی شکل میں بھگتنا پڑاگواس سیریز میں بھی کوہلی کی کارکردگی مناسب رہی تاہم ٹیم کی جیت کی لگن نے انہیں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے پر اکسایا۔

(جاری ہے)

کوہلی کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کرنے کی ایک اور بڑی وجہ 2014ء کا دورہ انگلینڈ بھی ہے جو ان کے کیریئر کے بدترین دوروں میں سے ایک ہے جہاں وہ 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 13.40 کی اوسط سے صرف 134 ربز بنا سکے تھے اور اس دوران ان کا سب سے زیادہ اسکور 39 تھا، بھارت کو اس سیریز میں 3-1 سے شکست ہوئی تھی۔ویرات کوہلی نے کہا کہ کہ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنا ان کی دیرینہ خواہش تھی، اس سلسلے میں ایلک سٹیورٹ اور سرے کاؤنٹی کے مشکور ہیں جنہوں نے یہ موقع فراہم کیا۔واضح رہے کہ کوہلی اس معاہدے کے بعد اپنے ملک میں افغانستان کے خلاف واحد میچ نہیں کھیل سکیں گے۔