Live Updates

میرا فون ریکارڈ نکال لیں، مجھے بھی کہا گیا کہ میں تحریک انصاف میں جاؤں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 5 مئی 2018 13:09

میرا فون ریکارڈ نکال لیں، مجھے بھی کہا گیا کہ میں تحریک انصاف میں جاؤں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مسلم لیگ کے رہنما جعفر اقبال نے خفیہ ایجنسیوں پر الزام عائد کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پروگرام میں بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما جعفر اقبال نے کہا کہ میں یہ بات آن ریکارڈ کہہ رہا ہوں کہ آپ میرا 2012ء کا ریکارڈ نکال لیں۔ میری جنوری سے لے کر مارچ تک کی کالز کا ریکارڈ نکال لیں۔

مجھے کہا گیا کہ آپ پاکستان تحریک انصاف میں جائیں۔ جعفر اقبال نے کہا کہ ووٹ عوام نے دینا ہے، اب حالات بدل گئے ہیں۔جعفر اقبال کے اس دعوے پر پروگرام میں موجود دیگر افراد نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ عام انتخابات قریب آتے ہی سیاسی جوڑ توڑ شروع ہو گیا ہے۔ حکمران جماعت کے کئی رہنما اور ایم پی ایز نے مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر یا تو پاکستان تحریک انصاف یا پھرپاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

(جاری ہے)

سیاسی رہنماؤں کے پارٹی چھوڑنے پر مسلم لیگ ن کو ایک شدید جھٹکا تو لگا ہے لیکن مسلم لیگ ن اپنا بیانیہ قائم رکھے ہوئے ہے۔ مسلم لیگ ن چھوڑنے والے کئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انہوں نے پارٹی پالیسی سے اختلاف پر ہی پارٹی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا کیونکہ وہ ملکی اداروں کے خلاف نواز شریف کے اس بیانیے کی مزید حمایت نہیں کر سکتے۔ سیاسی رہنماؤں کی پی ٹی آئی میں شمولیت پر اب یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ عین ممکن ہے کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی بازی لے جائے اور اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہو ، اور اسی وجہ سے ہی سیاسی رہنما اپنا رُخ پی ٹی آئی کی جانب موڑ رہے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں پی ٹی آئی عام انتخابات میں کامیاب ہو گی۔

دوسرا یہ کہ پی ٹی آئی کے لاہور میں کامیاب جلسے نے بھی مسلم لیگ ن کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں، اور اب مسلم لیگ مزید پارٹی ارکان کے چھوڑ جانے اور پی ٹی آئی میں شامل ہوجانے کے خوف میں مبتلا ہے۔آئندہ انتخابات میں کون سی جماعت کامیاب ہو گی اور کون حکومت میں آئے گا، اس کا فیصلہ تو انتخابات کے نتائج کے بعد ہی ہوگا۔ البتہ جعفر اقبال نے خفیہ ایجنسیوں سے متعلق اپنے دعوے پر مزید کیا کہا آپ بھی ویڈیو دیکھیں:
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات