معیشت کو سیاسی اتار چڑھائوکے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے ’’ میثاق معیشت ‘‘ وقت کی اہم ضرورت ہے‘ اشرف بھٹی

اربوں ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی ترجیح ہونی چاہیے ،غیر ضروری اخراجات پر کٹ لگایا جائے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

ہفتہ 5 مئی 2018 13:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو سیاسی اتار چڑھائوکے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ’’ میثاق معیشت ‘‘ وقت کی اہم ضرورت ہے ، عام انتخابات کے بعد ملک میں جس جماعت کی بھی حکومت آئے اربوں ڈالر کے قرضوں کی ادائیگی ترجیح ہونی چاہیے اوراس کیلئے غیر ضروری اخراجات پر کٹ لگایا جائے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان میں سیاسی حالات اور ہیجانی کیفیت کے معیشت پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ زر مبادلہ کے ذخائر اوپر جانے کی بجائے نیچے آرہے ہیں جس سے آنے والے دنوں میں پاکستان کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم معاشی طور پر مضبوط نہیں ہوتے اور مقروض رہیں گے تو ترقی کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔

(جاری ہے)

خدارا سب کو ملک کا سوچنا چاہیے اور معیشت کو نقصان پہنچانے والے حالات پیدا کرنے سے گریز کرنا چاہیے ۔ ہمیں ایسی پالیسی تشکیل دینی چاہیے جس سے ہماری معیشت سیاسی اتار چڑھائواور حکومتوں کی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ رہے ۔ آج ہمیں خطے کے ان ممالک سے سبق لینے کی ضرورت ہے جو گزشتہ ایک دہائی میں مقابلے کی دوڑ میں ہی شامل نہیں تھے لیکن آج نہ صرف ان کی معیشت مستحکم ہے بلکہ یہ ممالک ہر شعبے میں ہمیں پیچھے چھوڑتے جارہے ہیں ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ تاجرنا مساعد حالات کے باوجود ٹیکسوں کی ادائیگی کر رہے ہیں اور ہم اپنے ملک کیلئے آئندہ بھی اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :