ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات پاکستان کے معاشی نظام کے لئے انتہائی سود مند ثابت ہوں گے‘ بزنسمین پینل

باہمی تجارت بڑھانے کیلئے ایران سے بجلی و گیس سستے داموں خریدی جائے ،بینکنگ سیکٹر سے متعلقہ مسائل حل کئے جائیں ‘ میاں انجم نثار حکومت باہمی تجارت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے آزادانہ تجارتی معاہدے اور ٹیر ف بیریئرز مسائل کے خاتمے سے بھی باہمی تجارت بڑھے گی‘صدر پاک ایران ولی محمد

ہفتہ 5 مئی 2018 13:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) بزنس مین پینل کے چیئرمین میاں انجم نثار نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پاک ایران جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام پاکستان اور ایران کی بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں میں مختلف صنعتی اور تجارتی شعبوں میں مشترکہ منصوبہ بندی کے وسیع مواقع موجود ہیں اور باہمی تجارت جو اسوقت ایک ارب ڈالر کے قریب ہے اسی5 ارب ڈالر تک بڑھایا جا سکتا ہے ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات پاکستان کے معاشی نظام کے لئے انتہائی مثبت اور سود مند ثابت ہوں گے، مشترکہ سرمایہ کاری سے تجارتی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

ہمیں تجارتی خامیاں دور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بزنس کمیونٹی کے تعلقات میں مظبوطی آ سکے۔

(جاری ہے)

ایران سے بجلی و گیس سستے داموں خریدی جائے اور بینکنگ سیکٹر سے متعلقہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا بہتر پلاننگ سے ایرانی مارکیٹ کو واپس لیا جا سکتا ہے ایران سے دوسرے عرب ممالک کی نسبت سستا تیل حاصل کیا جا سکتا ہے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل ہونے سے پاکستان کی بڑھتی ہوئی انرجی ضروریات پوری ہو سکیں گی۔

سابق وائس پریزیدنٹ ایف پی سی سی آئی اور پاک ایران جوائنٹ چیمبر کے صدر ولی محمد نے کہا کہ دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی آپسی تعلقات اور ٹریڈ بڑھانے میں بڑی محنت کر رہے ہیں اور ہمیں مستقبل میں مزید ایسے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت باہمی تجارت کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے آزادانہ تجارتی معاہدے اور ٹیر ف بیریئرز مسائل کے خاتمے سے بھی باہمی تجارت بڑھے گی ۔

سیئنر نائب صدر پاک ایران جوائنٹ چیمبر اور سابق صدر لاہور چیمبر سہیل لاشاری نے کہا کہ ایران میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش منعقد کی جائے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی مانگ بڑھے اور باہمی تجارت میں اضافہ ہو۔ تجارتی وفود کا تبادلہ کیا جائے پاکستانی بزنس کمیونٹی ایران میں ہونیوالی تجارت نمائشوں میں بھر پور شرکت کرے اس سلسے میں حکومت بھرپور تعاون کرے ۔تقریب سے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست ، پیٹرن انچیف پاک یران چیمبر اعجاز الحق ،صوبائی وزیرصنعت و تجارت شیخ علائو الدین، صدر لاہور چیمبر ملک طاہر جاوید نے بھی خطاب کیا۔