مقبوضہ کشمیر ،ْمعصوم شہریوں کے قتل عام کیخلاف حیدر پورہ اور مائسمہ میں احتجاج مظاہرے

ہفتہ 5 مئی 2018 13:20

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میںمعصوم شہریوں کے مسلسل قتل عام کے خلاف سرینگر کے علاقے حید پورہ میں حریت رہنما غلام نبی سمجھی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ کشمیرمیڈیا وسروس کے مطابق احتجاجی مظاہرین نے اسلام ا ور آزادی کے حق میں نعرہ بلند کئے اور معصوم شہریوں کا قتل عام فوری طورپر بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔

انہوں نے سید علی گیلانی کی مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت کی ۔ احتجاجی مظاہرین نے ائرپورٹ روڑ پر آنے کی کوشش کی لیکن بھارتی پولیس نے انہیںآگے جانے سے روک دیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے ارکان مولوی بشیر احمد عرفانی، محمد شفیع لون، سید محمد شفیع، امتیاز احمد، گلشن عباس اورتحریک حریت کے رہنمائوں عمر عادل ڈار، سید امتیاز حیدر، نثار احمد بٹ، ظہور احمد بیگ، اشفاق احمد خان، سجاد احمد صوفی، عبدالاحد میر اور سجاد احمد پالہ نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ادھر سرینگر کے علاقے مائسمہ میں بھی لوگوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے جاری قتل وغارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے جن پر معصوم شہریوں کا قتل عام بند کرنے کا مطالبہ درج تھا۔ شرکا ء نے آزادی و شہداء کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ احتجاجی مظاہرین نے بڈشاہ چوک میںپرامن احتجاجی دھرنا بھی دیا۔دھرنے سے شوکت احمد بخشی سمیت لبریشن فرنٹ کے کئی رہنمائوں نے خطاب کیا۔لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں مشتاق احمد اجمل، شیخ عبدالرشید، بشیر کشمیری، محمد صدیق شاہ، مشتاق احمد خان، اشرف بن سلام، معراج الدین پرے، امتیاز احمداور مختار احمد صوفی نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔