روہنگیا پناہ گزینوں کی حالت بہت خراب ہے، اقوام متحدہ

ہفتہ 5 مئی 2018 13:40

اقوام متحدہ۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) بنگلہ دیش کے پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کرنے کے بعد پولینڈ کی سفیرکا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کی حالت بہت خراب ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مئی کے مہینے کی صدر پولینڈ کی سفیر جوانا ویرونیکا نے کہا کہ بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا پناہ گزینوں کی حالت کے پیش نظر اقوام متحدہ کو فوری طورپر کوئی قدم اٹھانا چاہیے۔

(جاری ہے)

سلامتی کونسل کے کاموں کی ہر مہینے ہونے والی میٹنگ میں انہوں نے کہاکہ ان کیمپوں میں حالات بہت خراب ہیں اور لوگوں کو کافی مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے اور مون سون سیزن ہونے کی وجہ سے بارش کا خطرہ بھی ہمیشہ رہتا ہے۔ اس وقت سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ مون سون سیزن میں لوگوں کی مدد کس طرح کی جائے اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں کو زیادہ اس کام میں مل کر مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل کی میٹنگ 14مئی کو ہوگی جس میں وہاں کے حالات پر بات چیت کی جائے گی۔