برطانوی سیاستدان کو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر مشکل کا سامنا

سامان کے حصول میں دیر پر ناز شاہ کی ٹویٹر پیغام میں سخت تنقید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 5 مئی 2018 13:46

برطانوی سیاستدان کو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر مشکل کا سامنا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 مئی 2018ء) : برطانوی خاتون سیاستدان کو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر سامان کے حصول میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا جو پاکستان کے لیے باعث شرمندگی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر بد انتظامی کی کئی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ ان خبروں کی تصدیق تب ہوئی جب برطانیہ کی لیبر پارٹی کی خاتون سیاستدان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پیش آنے والی مشکلات کو رپورٹ کیا۔

انہوں ںے نئے ائیر پورٹ پر اس قسم کی مشکلات درپیش آنے کو قابل شرمندگی قرار دیا۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ناز شاہ کا کہنا تھا کہ سامان کے حصول کے لیےآپ کو 3 گھنٹے کا طویل انتظار کرنا پڑتا ہے جس کے بعد آپ ائیر پورٹ سے باہر آ سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ دیگر مسافروں کو اتنی طویل پروازوں کے بعد بھی 5، 5 گھنٹے اپنے سامان کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے۔

ائیر پورٹ پر موجود اسٹاف کا کہنا ہے کہ ائیر پورٹ پر ابھی مکمل سہولیات موجود نہیں ہیں ، اور اس کا افتتاح قبل از وقت کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مسافر بھی مشکلات سے دو چار ہیں۔ ناز شاہ نے ان تمام مشکلات اور مسافروں کو پیش آنے والے مسائل کو باعث شرمندگی قرار دیا۔
خیال رہے کہ حال ہی میں نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر سامان کے لیے انتظار کرنے والے مسافرں کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی، کچھ صارفین نے مسافروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ دراصل یہ تمام غلطی انتظامیہ اور اسٹاف کی تھی، سامان کا طویل انتظار کرنے کے بعد مسافروں نے آپے سے باہر ہو کر سامان لانے والی بیلٹ پر چڑھ دوڑے تھے۔

یاد رہے کہ یکم مئی کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 13 سال میں مکمل ہونے والے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا افتتاح کیا تھا۔