مقبوضہ کشمیر، مسرت عالم بٹ کو سرینگر کی عدالت میں پیش کرکے واپس جموں منتقل کیا گیا

ہفتہ 5 مئی 2018 13:50

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) مقبو ضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما اور جموں وکشمیر مسلم لیگ کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کو 2010ء کے ایک جھوٹے کیس کے سلسلے میں سرینگر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مسرت عالم بٹ کو کوٹ بھلوال جیل جموں سے لاکر سرینگر کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

سماعت کے بعد جج نے آئند سماعت 18مئی کو مقررکی ہے۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ مسرت عالم بٹ پر ایک بارپھر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے پر غور کررہی ہے کیونکہ رواں ماہ کی 15تاریخ کو ان پر 36ویںپبلک سیفٹی ایکٹ کی مدت ختم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسرت عالم بٹ کو من گھڑت اور بنیاد کیسز میں پھنسایا گیا ہے اور ان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے رکھنے کے لیے سازش کی جارہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ قابض انتظامیہ انہیں رہا نہیں کرنا چاہتی ۔ ترجمان نے کہاکہ ان کو سلاخوں کے پیچھے رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ مسرت عالم بٹ کو ہراساں اور خوفزدہ کرنے کے لیے نت نئے حربے آزمارہی ہے لیکن وہ اس میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔