خیبر پختونخواہ حکومت کا سب سے بڑا منصوبہ مشکلات سے دو چار

بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کے سینئیر عہدیدار مستعفی ہو گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 5 مئی 2018 14:12

خیبر پختونخواہ حکومت کا سب سے بڑا منصوبہ مشکلات سے دو چار
پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 مئی 2018ء) : خیبرپختونخواہ کا سب سے بڑا پراجیکٹ مشکلات کا شکار ہو گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخواہ میں بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کے سینئیر عہدیدار مستعفی ہو گئے۔ بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے چئیرمین جاوید اقبال مستعفی ہو گئے۔ چیف فنانشنل آفیسر اور جی ایم آپریشن بھی اپنے اپنے عہدوں سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

ٹرانس پشاور کمپنی کے سی ای او الطاف اکبر درانی بھی عہدے سے فارغ ہو گئے۔ فارغ ہونے والے عہدیداروں کا کہنا کہ حکومت ایبٹ آباد اورمردان پنک بسوں کا پشاور میں افتتاح چاہتی تھی۔ جبکہ پراجیکٹ چئیرمین وقت سے پہلے منصوبے کے افتتاح کے خلاف تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پراجیکٹ چئیرمین پر جلد منصوبہ مکمل کرنے کا دباؤ بھی تھا۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے خیبرپختونخواہ حکومت کا سب سے بڑا منصوبہ مشکلات کا شکار ہوا۔

اس ضمن میں پشاور کے ایک صحافی نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بھی اس منصوبے کو درپیش مسائل اور عہدیداروں کے فارغ ہونے کی خبر شئیر کی۔ اسماعیل خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ پشاور میٹرو کو سنجیدہ بحران کا سامنا ہے۔ جس کے پیش نظر اس پراجیکٹ کے عہدیداران اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سپلائرز نے 29 جولائی تک بسیں سپلائی کرنے کا کہاتھا، برازیلین کنسلٹنٹس پروٹوٹائپ کی جانچ کرنا چاہتے تھے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک اب اقوام متحدہ کی جانب سے ایبٹ آباد اور مرادن کی خواتین کے لیے منظور شدہ پنک بسیں چلانا چاہتے ہیں۔

۔ اس ضمن میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خان خٹک سے رابطہ کرنے کی کوشش تو کی گئی لیکن تاحال ان کا اس معاملے پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔