وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پسرور میں اہم روڈمنصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

ہفتہ 5 مئی 2018 14:50

پسرور۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے پسرور میں اہم روڈمنصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ۔ یہ منصوبہ سیالکوٹ پسرور شاہراہ کی توسیع کا ہے،اس منصوبے سے تقریباً20 لاکھ کی آبادی مستفید ہوگی۔ہفتہ کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

(جاری ہے)

پسرور آمد پر کیڈٹ کالج پسرور کے کیڈٹس نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو گارڈ آف آنر پیش کیا، وزیراعظم کو سیالکوٹ پسرور روڈکو دو رویہ کرنے اور اس کی بہتری کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی،56.6کلومیٹر طویل سیالکوٹ پسرور روڈ ضلع سیالکوٹ کا اہم روڈ لنک ہے جو آبادی کے دو بڑے مراکز اور اس سے ملحقہ علاقوں کوسفری سہولیات مہیا کرے گا۔

اس وقت اس دو رویہ ہائی وے پر12 ہزار گاڑیاں یومیہ گزرتی ہیں اور یہاں ٹریفک کے مسائل کے سامنا ہے، حادثات کی شرح بھی زیادہ ہے اورماحولیاتی مسائل کا بھی سامنا ہے۔ اس روڈ کی ڈیولائزیشن اوربحالی سے محفوظ اورمناسب ٹرانسپورٹیشن کی سہولت ملے گی، نکاسی آب اور پانی کے راستوں کے انفراسٹرکچر میں بہتری سے سیلاب کے دوران پیش آنے والے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ اس منصوبے سے 20لاکھ افراد استفادہ کریں گے۔