مسلم لیگ (ن) کا جلسہ تاریخ ساز ہو گا، اہلیان مانسہرہ نواز شریف اور مریم نواز کا شاندار استقبال کریں گے، ضلع ناظم سردار سید غلام

ہفتہ 5 مئی 2018 14:50

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) ضلع ناظم مانسہرہ سردار سید غلام نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا مانسہرہ میں 6 مئی کا جلسہ تاریخ ساز ہو گا، مانسہرہ میں جلسہ کے حوالہ سے گذشتہ روز ایک تاریخ ساز ریلی نکالی گئی، اہلیان مانسہرہ محمد نواز شریف اور مریم نواز کا شاندار استقبال کریں گے اور ملکی تاریخ کا ایک بڑا جلسہ کر کے مخالفین کو دن میں تارے دکھائیں گے۔

وہ ہفتہ کو مال منڈی مانسہرہ میں محمد نواز شریف کے جلسہ کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 6 مئی کے جلسہ میں سرن ویلی، کونش ویلی، کاغان ویلی سمیت ضلع مانسہرہ کے جملہ تمام علاقوں سے عوام اپنے قائد وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے محسن پاکستان ایٹمی پاکستان کے ہیرو اور دلوں کے وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی دختر پاکستان مریم نواز کا تاریخ ساز استقبال کرتے ہوئے جلسہ کو کامیاب بنائیں گے۔

(جاری ہے)

ضلع ناظم مانسہرہ نے کہا کہ 2013ء کے جلسہ میں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے جو مطالبات کئے محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے انہیں پورا کیا، سردار محمد یوسف نے ایکسپریس وے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ محمد نواز شریف نے ہزارہ موٹروے مانسہرہ تک بنانے کا وعدہ کیا جو پورا ہوا اور مانسہرہ تک موٹروے کی تعمیر کا کام جاری ہے جو بہت جلد مکمل ہو جائے گی اور مانسہرہ کی عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مانسہرہ تک 12 انچ اضافی گیس پائپ لائن، شنکیاری اور پکھل سمیت دیگر علاقوں تک سوئی گیس کی فراہمی کیلئے پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے اور بہت جلد مانسہرہ سے آگے علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، مانسہرہ پاسپورٹ آفس کا قیام، ذیلی نادار آفس،220 کے وی گرڈ سٹیشن سمیت دیگر کئی اہم اور بڑے پراجیکٹ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے دیئے۔ سردار سید غلام انہوں نے کہا کہ مانسہرہ مال منڈی میں محمد نواز شریف کا تاریخ ساز جلسہ کر کے مخالفین کو سوچنے پر مجبور کر دیں گے۔