پنجاب میں زرعی اجناس کے باسہولت ذخیرہ کے لیے نجی شعبہ کے اشتراک سے پروگرام کا اجراء

ہفتہ 5 مئی 2018 14:50

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) محکمہ زراعت پنجاب نے زرعی اجناس کے قابل اعتماد ذخیرہ کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر " زرعی گودام- رسید پروگرام" کا آغازکر دیا ۔اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو اپنی زرعی اجناس کو سٹور کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے حامل وئیر ہاوسز(گودام) کی سہولت دستیاب ہو گی ۔محکمہ زراعت پنجاب سے قومی خبر ایجنسی کو دستیا ب معلومات کے مطابق اس پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو فصل کو محفوظ ذخیرہ کرنے اور اسے قدرتی آفات سے بچانے کے لئے جگہ کی دستیابی ہو گی،اس سے کاشتکاروں کی زرعی جنس قدرتی آفات (بارش یا کیڑا لگنا) سے بھی محفوظ رہے گی اور ان گوداموں میں زرعی جنس کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دیر تک سٹور کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب کاشتکار منڈی کی بے جا کٹوتیوں سے بھی بچا رہے گا اور اپنی اس زرعی جنس کے عوض اسے آئندہ فصل و دیگر ضروریات کے لئے بینک سے قرضہ کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔قرضے کے حصول کے لئے کسان نامزد بینک سے رابطہ کرکے اجناس وصولی کی رسید جمع کروائے گا اور ضروری کاروائی کے بعد فصل کے موجودہ ریٹ کے مطابق 70 فیصد تک قرضہ حاصل کر سکے گا ۔اس پروگرام کے تحت کسان اپنی مرضی سے کسی بھی وقت اس دن کے ریٹ کے مطابق اپنی زرعی جنس کسی بھی ادارے یا شخص کو فروخت کر سکے گا اور رقم کی ادائیگی متعلقہ بینک کے ذریعے ہی کی جا سکے گی۔

فروخت کی گئی رقم سے کسان بینک کو اپنے ذمہ واجبات ادا کر سکے گا۔کاشتکار مزید معلومات کے لئے رابطہ نمبر0301-8266154 یا پنجاب زرعی ہیلپ لائن کے نمبرز0800-15000 یا0800-29000 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :