سابق امریکی صدر پر جوتا پھینکنے والے صحافی کا الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان،عوام کاخیر مقدم

ہفتہ 5 مئی 2018 15:10

بغداد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2018ء) سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش پر 2008ء میں عراق میں ایک تقریب کے دوران ایک عراقی صحافی منتظر الزیدی کی جانب سے جوتا پھینکا گیا،تاہم جوتا اچھالنے والے اس عراقی صحافی منتظر الزیدی نے عراق میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی کونسل برائے نمائندگان کے الیکشن رواں ماہ 12 مئی کو ہونے جا رہے ہیں،صحافی منتظر زیدی بش پر جوتے اچھالنے کے بعد دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

المنتظر الزیدی کی جانب سے الیکشن میں حصہ لینے کے اعلان کے بعد نوجوانوں کی کثیر تعداد نے انتخابی مہم میں عراقی صحافی کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔سوشل میڈیا پر بھی المنتظر الزیدی کی حمایت میں مہم جاری ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دس سال قبل 2008 میں صحافی جو کہ اس وقت ایک مصری ٹی وی نیوز چینل البغدادیہ سے منسلک تھا، اس نے عراقی پر دورے پرآئے امریکی صدر جارج ڈبلیو بش پر عراقی وزیراعظم نورالمالکی کیساتھ پریس کانفرنس میں اپنے دونوں جوتے دے مارے تھے۔

امریکی صدرنے جوتوں کے حملے میں خود کو بچالیاتھا۔تاہم صحافی کو عراقی وزیراعظم کے محافظوں نے حراست میں لے لیاتھا۔جوتے پھینکتے ہوئے صحافی نے امریکی صدر کو للکارتے ہوئے کہا تھا عراق میں مرنے والوں،یتیموں،بیواؤں کی جانب سے یہ جوتے تمھارے لئیے ہیں۔ مہمان صدر پر جوتا پھینکنے کے جرم میں اسے 9ماہ کی قید سنائی گئی تھی اورتاہم اسے اس کے اچھے کردار اور رویے پر جلد جیل سے رہاکردیاگیاتھا۔منتضر الزیدی 2009میں ملک چھوڑکر چلاگیاتھا اور 2011میں واپس آیاتھا۔اب وہ ملک کے قانون سازی کے ادارے نمائندگان کی کونسل کے انتخابات میں حصہ لے رہاہے۔ یہ انتخابات 12مئی کوہونگے۔