سندھ کی پہلی موٹر وے کا افتتاح وزیراعظم مئی کے تیسرے ہفتے میں کریںگے

حادثات سے انسانی جانوں کا وسیع پیمانے پر ضیاع کے خاتمہ کے لیے موٹر وے پر ایک بڑا ٹراما سنٹربھی قائم کر دیا گیا ہے

ہفتہ 5 مئی 2018 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ماہ رواں کے تیسرے ہفتے میں کراچی حیدر آباد چھ رویہ موٹر وے کا افتتاح کریںگے۔اس ضمن میںذرائع نے بتایا کہ ایف ڈبلیو او اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے وزیراعظم سے ماہ رواں میں حیدر آباد کراچی موٹر وے کے افتتاح کیلئے تاریخ مانگ لی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ مال بردار ٹرک اور مسافر بردار گاڑیاں کراچی سے حیدرآباد کی موٹر وے استعمال کیا کریںگی۔

(جاری ہے)

170کلو میٹر طویل سندھ کی یہ پہلی موٹر وے بننے سے کراچی پورٹ اوربن قاسم پورٹ پر برآمدی و درآمدی سامان لے جانیوالے ٹرالروں ٹرکوں کا اژدھام نہیں ہوا کریگا اور حادثات سے انسانی جانوں کا وسیع پیمانے پر ضیاع کاخاتمہ ہوگا۔دوسری جانب موٹر وے پر ایک بڑا ٹراما سنٹربھی قائم کر دیا گیا ہے۔ جہاں حادثات کی صورت میں زخمیوں کو ہنگامی طبی امداد کا وافر انتظام ہوگا۔کراچی حیدر آباد موٹر وے کے دونوں جانب عالمی معیار کی سروس روڈ بنائی گئی ہے۔ یہ سگنل فری موٹر وے ہوگی اس پر نصف درجن انٹرچینج اور انڈر پاس کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔