لوگوں سے وعدہ ہے کہ عدم تشدد اورعدم تصادم والی پارٹی قائم کریں گے،ڈاکٹرفاروق ستار

پیپلزپارٹی نے ٹنکی گرائونڈمیں جلسہ کیا لیکن وہاں پانی کی ٹنکی خالی تھی،جلسے کے بعد آج بھی پانی کی ٹنکی خالی ہے، ایم کیوایم سربراہ کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ مئی 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماڈاکٹرفاروق ستارنے کہاہے کہ لوگوں سے وعدہ ہے کہ عدم تشدد اورعدم تصادم والی پارٹی قائم کریں گے، پیپلزپارٹی نے ٹنکی گرائونڈمیں جلسہ کیا لیکن وہاں پانی کی ٹنکی خالی تھی،جلسے کے بعد بھی وہاں پانی کی ٹنکی آج بھی خالی ہے۔ہفتہ کوانسداددہشت گردی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان کے جلسے سے لوگوں کو جواب مل جائے گا، ایم کیوایم پاکستان کے جلسے سے پرانے ریکارڈ ٹوٹ جائیں گے۔

جلسے کا مقصد یکجہتی اوراتحاد کوقائم کرنا ہے۔۔فاروق ستار نے کہا کہ لوگوں سے وعدہ ہے کہ عدم تشدد اورعدم تصادم والی پارٹی قائم کریں گے، آج پاکستان کو بچانا بھی ہے اورآگے بڑھانا بھی ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم میں دھڑے بندی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں فاروق ستارنے کہاکہ ہم بیٹھیں گے اور اختلافات کو حل کریں گے ،،ایم کیوایم میں اصلاحات ہونی چاہئیں اور سب کا احتساب ہوناچاہیے۔

کے الیکٹرک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فاروق ستار نے کہاکے الیکٹرک نے ابھی تک اپنا قبلہ درست نہیں کیا کراچی میں بجلی اور پانی کا شدید مسئلہ ہے،واٹر بورڈ بھی اپنا قبلہ درست کرے،انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے حکومتی دعو ے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں،دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے بن قاسم پاور پلانٹ بند ہوگیا، اسے اپنے منافع میں سے پاور پلانٹ کو بحال کرنا ہوگا۔