عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 3 برس کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئیں

ہفتہ 5 مئی 2018 15:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تین سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں جب کہ روزوانہ کی پیداوار ایک کروڑ بیرل پر برقرار ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 2فیصد اضافے کے ساتھ 3سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ جمعہ کوتیل کی قیمت میں ایک ڈالر 29سینٹ فی بیرل کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ہفتے کے اختتام پرعالمی مارکیٹ میں لائٹ کروڈ کے سودے 69 ڈالر 72 سینٹ میں طے پائے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 69 ڈالر 97 سینٹ فی بیرل تک پہنچی تھی۔برطانوی مارکیٹ میں تیل ایک ڈالر 25 سینٹ مہنگا ہوا جب کہ برینٹ نارتھ کی قیمت 74 ڈالر 87 سینٹ فی بیرل رہی۔تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد سرمایہ کار ایران اورامریکہ کے جوہری معاہدے پر ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کا انتظار کررہے ہیں جو 12 مئی کو متوقع ہے۔اقتصادی ماہرین نے دعویٰ کیاہے کہ جوہری معاہدے پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان پیدا ہونے والا حالیہ تنازعہ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سبب ہے۔واضح رہے کہ ایران پیٹرولیم ایکسپورٹ ممالک کی تنظیم (اوپیک)کا رکن اورخام تیل کا اہم برآمد کنندہ ہے۔