اے ڈی بی پاکستان میں نجی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے جلد اسلام آباد میں نیا ڈسک قائم کرے گا ،

لائن لاسز پر قابو پانے کی غرض سے اے ڈی بی پاکستانی سمارٹ میٹرنگ سیکٹر منصوبے کیلئے 40لاکھ ڈالر فراہم کرے گا ایشین ترقیاتی بنک کے ڈائریکٹر جنرل برائے پی ایس او ڈی مائیکل بیرو کی منیلا میں بینک کے 51ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر پریس بریفنگ

ہفتہ 5 مئی 2018 16:11

اے ڈی بی پاکستان میں نجی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے جلد اسلام آباد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2018ء) ایشین ترقیاتی بنک ( اے ڈی بی )کے ڈائریکٹر جنرل برائے پرائیوٹ سیکٹر آپریشن ڈیپارٹمنٹ(پی ایس او ڈی)مائیکل بیرو نے کہا ہے کہ اے ڈی بی پاکستان میں نجی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے جلد اسلام آباد میں نیا ڈسک قائم کرے گا۔لائن لاسز پر قابو پانے کی غرض سے اے ڈی بی پاکستانی سمارٹ میٹرنگ سیکٹر منصوبے کیلئے 40لاکھ ڈالر فراہم کرے گا۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو منیلا میں اے ڈی بی کے 51ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر پریس بریفنگ کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں میں پاکستان کے بارے میں منفی تاثر کو زائل کرنے کی غرض سے اے ڈی بی پرائیوٹ سیکٹر انوسٹمنٹ میں اضافے کیلئے جلد اسلام آباد میں اپنے کنٹری آفس میں نیا ڈسک قائم کرے گا۔

(جاری ہے)

مائیکل بیرو نے کہا کہ پاکستان کے پاس شاندار مارکیٹ ،بالخصوص توانائی سیکٹر اور انفراسٹرکچر موجود ہیں اور پی ایس او ڈی پاکستان میں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری پر راغب کرنے کی غرض سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں خود کچھ عرصہ کیلئے پاکستان میں رہا ہوں اور میں نے پاکستان کے بارے بین الاقوامی منفی تاثر کو حقائق کے منافی پایا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس او ڈی اور عالمی بنک کی انٹر نیشنل فنانس کارپوریشن میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے ۔ہم نے چین اور بھارت میں بھی اپنے ڈیسک قائم کئے ہیں۔بیرو کا کہنا ہے کہ ایشین ترقیاتی بنک لائن لاسز کو کم سے کم کرنے کی غرض سے ملکی پاور ڈسٹری بیوشن سیکٹر کو مستحکم کرنے کیلئے پاکستان کی مدد کررہا ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بیرو نے کہا کہ اے ڈی بی پاور ڈسٹری بیوشن سسٹم میں پبلک سیکٹر کے ساتھ رابطوں میں ہے ،تاہم نجی سیکٹر ڈسٹری بیوشن سسٹم میں بہترین کارکردگی سے زیادہ مدد کر سکتا ہے۔اے ڈی بی کے چیف آف انرجی سیکٹر گروپ یونگ پنگ ذائی نے کہا کہ الیکٹرسٹی ٹرانسمشن سسٹم کو مستحکم کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ملکی توانائی کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہماری توجہ اور منصوبہ ٹرانسمشن لائنز اور ڈسٹری بیوش سسٹم کو مستحکم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ لائن لاسز پر قابو پانے کی غرض سے اے ڈی بی پاکستانی سمارٹ میٹرنگ سیکٹر منصوبے کیلئے 40لاکھ ڈالر فراہم کرے گا ۔