ملک بھرمیں موسم گرما کی آمد آمد ، لیکن چائنہ بارڈر کا درجہ حرارت منفی میں پہنچ گیا

خنجراب چائنہ بارڈر پر درجہ حرارت منفی ۹ سینٹی گریڈ تک ریکارڈ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ مئی 16:05

ملک بھرمیں موسم گرما کی آمد آمد ، لیکن چائنہ بارڈر کا درجہ حرارت منفی ..
خنجراب (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 مئی 2018ء) : ایک طرف جہاں ملک بھر میں موسم گرما کی آمد آمد ہے وہیں شہریوں نے سیاحتی مقامات اور ٹھنڈے مقامات کا رُخ کر لیا ہے ۔ مئی کے مہینے میں گرمی کی لہر نے شہریوں کو ٹھنڈے مقامات پر جانے اور وہیں ڈیرے ڈالنے پر مجبور کر دیا۔ ایک طرف جہاں گرم علاقوں میں شہری دھوپ کی شدت اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے ستائے ہوئے ہیں وہیں دوسری جانب خنجراب چائنہ بارڈر پر درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔

خنجراب چائنہ بارڈر پر آئے سیاحوںے نے برفباری کا خوب لطف اُٹھایا ۔ خیال رہے کہ حکومت نے 2018ء میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ تو کیا تھا لیکن یہ وعدہ وفا نہیں کیا گیا جس کے باعث شہری شدید گرمی کی لپیٹ میں آنے سے پہلے ہی ٹھنڈے سیاحتی مقامات کا رپخ کر لیتے ہیں تاکہ گرمی کی شدت سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پنجاب میں بارشوں کی پیشن گوئی کر دی ہے۔

بارش برسانے والا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے سے پنجاب میں کہیں کہیں بارش اور کہیں ژالہ باری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مرطوب ہوائوں کا سلسلہ جاری ہے جو پنجاب کے بیشتر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا اور 9مئی تک جاری رہے گا، جس کے باعث آئندہ 24گھنٹوں کے دوران بیشتر بالائی علاقوں مری،، اسلام آباد،، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور ڈویڑن میں بارش متوقع ہے۔

پنجاب کے وسطی علاقوں فیصل آباد،، ساہیوال، اوکاڑہ، بھکر میں بھی کہیں کہیں اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے علاوہ خیبر پختونخواہ کے بالائی اور وسطی علاقوں میں کہیں کہیں اور جنوبی علاقوں میں چند مقامات پر اور کشمیر گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ہے تاہم بلوچستان میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں مرطوب اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں۔