مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم‘ بے گناہ کشمیریوں کی شہادت، طلباء و طالبات پر آنسووں گیس کی شیلنگ اور ننھی آصفہ پر ہونیوالی بربریت کیخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کی ساتھرا موڑ سے شہید برہان مظفر وانی چوک تک ریلی

سینکڑوں کی شرکت‘ بچوں، جوانوں اور بوڑھوں کی بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی‘ فضاء گونج اٹھی

ہفتہ 5 مئی 2018 17:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، بے گناہ کشمیریوں کی شہادت، طلباء و طالبات پر آنسووں گیس کی شیلنگ اور ننھی آصفہ پر ہونیوالی بربریت کیخلاف کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق کنونیئر محمد فاروق رحمانی کی قیادت میں ساتھرا موڑ سے شہید برہان مظفر وانی چوک تک ریلی، سینکڑوں کی شرکت، بچوں، جوانوں اور بوڑھوں کی بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی، فضاء نعروں سے گونج اٹھی۔

کشمیر کے معاملے پر او آئی سی، یورپی یونین، اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، کشمیری شہداء کا خون ضائع نہیں جائیگا، آزادکشمیر اسمبلی، وزراء، ممبران اسمبلی اور سیاسی قائدین مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جوابدہ ہیں۔

(جاری ہے)

محمد فاروق رحمانی، خواجہ فاروق، محمد رفیع ، خاکی نصراللہ، چوہدری شاہین، محمد وسیم، عزیراحمد کا خطاب۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے زیر اہتمام مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری بھارتی مظالم، بے گناہ کشمیریوں کی شہادت، طلباء و طالبات پر تشدد، حریت رہنمائوں کی گرفتاریوں ، آٹھ سالہ آصفہ کی بے حرمتی اور قتل کیخلاف ساتھرا موڑ سے شہید برہان مظفر وانی چوک تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں بچوں، جوان اور بزرگ افراد نے سینکڑوں کی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جس پر بھارتی مظالم ، ننھی آصفہ کو انصاف دو اور بھارتی غاصبوکشمیر ہمارا چھوڑ دو کے نعرے بھی آویزاں کیئے ہوئے تھے۔

شرکاء نے جذباتی انداز میں بھارت کیخلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے، ریلی کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کے سابق کنونیئر و چیئرمین جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ محمد فاروق رحمانی نے کی۔ ریلی میں سابق وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد، محمد رفیع ، خاکی نصر اللہ ، چوہدری شاہین، محمد وسیم ، قاری بلال فاروقی ، حمزہ شاہین ، قاضی خوشحال، عثمان اعوان سمیت سینکڑوں افراد نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

برہان مظفر وانی شہید چوک میں پہنچ کر احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ، او آئی سی، یورپی یونین اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، کشمیری شہداء کا مقدس لہو ضرور رنگ لائیگا، مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری تحریک فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو چکی ہے، آزادکشمیر کی حکومت ، وزراء، ممبران اسمبلی اور سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جوابدہ ہیں وہ ان ذمہ داریوں سے بچ نہیں سکتے، حکومت پاکستان بھرپور طریقہ سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی سطح پر مزید موثر اقدامات اٹھائے۔

پاکستان کے اندر مسئلہ کشمیر کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر سیمینارزکا انعقاد ہونا چاہیے۔ اس موقع پر خواجہ فاروق، محمد رفیع، محمد وسیم، عزیر غزالی نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے، بھارت کے اندر فرعونیت کی حکومت ہے جس نے مقبوضہ جموں کشمیر میں فرعونیت کی انتہاء کررکھی ہے، بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام کیا جارہاہے، ننھی آصفہ کو بے دردی سے قتل کیا گیا ، سکولوں ، کالجز، یونیورسٹیز میں طلباء و طالبات کو حراساں کیا جاتا ہے، آنسوووں گیس کی شیلنگ کی جارہی ہے، حریت رہنمائوں کو بلا وجہ گرفتار، نوجوانوں کو مختلف جیلوں میں قید کیا جارہاہے، آزادی مانگنے پر شہید اور درندگی کا نشانہ بنایاجارہاہے جس پر عالمی برادری کو خاموش نہیں رہنا چاہیے اور اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کی گہری رنجش کا خاتمہ ہوسکتا ہے تو کشمیریوں کی تحریک ضرور اپنے منطقی انجام کو پہنچے گی، کشمیریوں کا مسئلہ فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے انشاء اللہ آزادی کشمیریوں کو ضرور ملے گی۔