الخدمت فائونڈیشن مظفرآباد کے زیر اہتمام ڈونر کانفرنس کا انعقاد ‘22لاکھ کے عطیات کا اعلان ہوا

ہفتہ 5 مئی 2018 17:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 مئی2018ء) الخدمت فائونڈیشن مظفرآباد کے زیر اہتمام ڈونر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں 22لاکھ کے عطیات کا اعلان ہوا ،امسال مظفرآباد میں یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کے لیے نئے آغوش سینٹر قائم کیا جائے گا ،ڈونر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل مشتاق مانگٹ نے کہا ہے کہ اہل مظفرآباد نے دل کھول کر یتیم بچوں کی کفالت کے لے عطیات کا اعلان کیا ہے جو زندہ قوموں کی پہچان ہے الخدمت فائونڈیشن پاکستان بھی اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالے گی ،انہوں نے کہاکہ یتیم کی کفالت اور تعلیم کا اہتمام کرنا اللہ کے نزدیک سب سے اچھا کام ہے اللہ کے نبی ؐ نے فرمایا کہ یتیم کی کفالت کرنے والا قیامت کے دن میر ے ساتھ ہو گا ،انہوں نے کہاکہ الکدمت فائونڈیشن آزادکشمیر میں بھرپور انداز سے خدمت کے کام کررہی ہے ہماری کوشش ہے کہ پورے آزادکشمیر میں آغوش سینٹرز قائم ہوں تا کہ کوئی بھی نادار یتیم بچہ تعلیم سے محروم نہ رہ جائے ،اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمان نے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن نے مظفرآباد میں آغوش سینٹر کے لیے فنڈ ریزنگ کر کے اچھا اقدام کیا ہے ہم بھرپور تعاون کریں گے ،ڈونر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن آزادکشمیر کے صدر ڈاکٹر ریاض نے کہاکہ الخدمت فائونڈیشن آزاد خطے کی سب سے بڑی سماجی فائونڈیشن بن چکی ہے عوام مشکل کی ہر گھڑی میں الخدمت کی طرف دیکھتے ہیں ہماری کوشش ہے کہ آزادکشمیر میں ہر ضلع میں ایک ماڈل آغوش سینٹر کے قیام کے ساتھ ساتھ دیگر شعبہ ہائے زندگی میں بھی عوام کی خدمت کریں ،پینے کے صاف پانی،صحت سمیت دیگر شعبوں میں کام کو آگے بڑھایا جائے ۔