Live Updates

کے الیکٹرک ایک سفید ہاتھی بن چکا ہے ، ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں ہے، دوا خان صابر

ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات سندھ کا لوڈ شیڈنگ کے خلاف سائٹ ایریا میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب

ہفتہ 5 مئی 2018 17:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات و وائس چیئرمین یوسی میٹرووِل دوا خان صابر نے کہا ہے کہ گرمی بڑھتے ہی کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے۔ روزانہ بارہ سے چودہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ روزکا معمول بن چکا ہے۔ کے الیکٹرک ایک سفید ہاتھی بن چکا ہے ، ان سے پوچھنے والا کوئی نہیں ۔

وفاقی اور صوبائی حکومت نے بھی کے الیکٹرک کو بے لگام گھوڑے کی طرح آزاد چھوڑ رکھا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے لوڈ شیڈنگ کے خلاف سائٹ ایریا میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقعے پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما حیدر خلیل، ڈاکٹر کبیر، حاجت خان، مختیار شاہ، سیّد زرین شاہ، پروفیسر عیسیٰ خان، سیّد نعیم شاہ، زین اللہ خان، حفیظ الرحمن، طارق شاہ، بخت روان، حاجی عزیز اللہ، ادریس خان ، امجد شیر پائو، ذیشان خان، فضل جمیل، طارق زمان، آصف یوسفزئی اور دیگر رہنمائوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

دوا خان صابر نے مزید کہا کہ اگر کے الیکٹرک نے اپنا رویہ درست نہیں کیا اور اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر قابو نہیں پایا تو عوام ان کے دفاتر کا گھیرائو کریں گے کیونکہ شدید گرمی کے باعث کے الیکٹرک کی بے حسی پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہونے والا ہے ۔ اگر اسی دوران کے الیکٹرک کا یہی رویہ رہا تو روزہ داروں کے لیے کافی مشکلات پیدا ہوں گی۔ ہم کے الیکٹرک اور حکمرانوں سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ خدارا کراچی کے شہریوں پر رحم کریں اور لوڈ شیڈنگ کے اس عذاب سے اہلیان کراچی کو نجات دلائی جائے تاکہ روزہ داروں کو روزہ رکھنے میں دشواری نہ ہو۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات