ڈپٹی کمشنر جامشورو نے سیہون شریف میں زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا

ہفتہ 5 مئی 2018 17:48

جامشورو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن(ر) فرید الدین مصطفی کا ایس ایس پی جامشورو پرویز احمد عمرانی کے ہمراہ سہون شریف کے مختلف مقامات کا تفصیلی دورہ، سیکیورٹی صورتحال ، زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ، عرس مبارک کی سہہ روزہ تقریبات کو مانیٹر کرنے کے لئے خصوصی طور پر جیم خانہ میں قائم سی سی ٹی وی سرویلنس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر ونگ کمانڈر قاسم رینجرز محمد اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے انچارج عدیل صدیقی اور پروجیکٹ انچارج راشد حسین نے سیکیورٹی کی نگرانی کی تفصیلات سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سہون شریف میں درگاہ سمیت دیگر مقامات پر دو سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ درگاہ، آڈیٹوریم، ملاکھڑہ گرانڈ، سول اسپتال، جہاز چوک، دھمال چوک سمیت اہم مقامات اور چوراہوں پر آئی ای ڈی جیمرز بھی نصب کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ آٹھ سرویلنس ڈرون کیمروں کے ذریعے پورے سہون شہر کی چوبیس گھنٹے فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی سی جامشورو نے کمان اینڈ کنٹرول روم میں موجود اہلکاروں کو اپنے فرائض موثر طریقے سے سرانجام دینے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے جدید ٹیکنالاجی کا استعمال ناگزیر ہے ، کمان اینڈ کنٹرول روم کے ذریعے پورے سہون شریف کی سیکیورٹی کی نگرانی موثر طریقے سے جاری رکھی جائے۔ڈی سی جامشورو نے دورے کے دوران مختلف مقامات پر زائرین کو اپنے ہاتھوں سے ٹھنڈے پانی کی بوتلیں، جوسز اور دیگر مشروبات پیش کئے ۔

متعلقہ عنوان :