نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر

ہفتہ مئی 19:08

نواز شریف اور مریم نواز کیخلاف لاہور ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کی عدلیہ مخالف تقاریر کا سلسلہ نہ رک سکا جس پر دونوں باپ بیٹی کیخلاف توہین عدالت کی ایک اور درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی ہے۔ سول سوسائٹی کی رکن آمنہ ملک نے اپنے وکیل اظہر صدیق کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور درخواست دائر کی جس میں نواز شریف اور اور ان کی بیٹی کی عدلیہ مخالف تقاریر کی نشاندہی کی گئی ہے اور موقف اختیار کیا گیا کہ نواز شریف اور مریم نواز تواتر سے عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل نے نشاندہی کی کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی کیخلاف عدلیہ مخالف تقاریر پر لاہور ہائیکورٹ کا فل بنچ سماعت کر ریا ہے لیکن دونوں باپ بیٹی نے عدلیہ مخالف تقاریر کا سلسلہ ترک نہیں کیا. وکیل نے قانونی نکتہ اٹھایا کہ عدلیہ مخالف ملک کے تحت ایک جرم ہے اور سابق وزیر اعظم اور ان کی بیٹی مریم نواز کی تقاریر توہین عدالت کے زمرے میں آتی ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کے تحت کارروائی کی جائی. ہائیکورٹ کا فل بنچ 7 مئی کو عدلیہ مخالف تقاریر پر سماعت کرے گا۔