مولانا عبدالستار خان نیازی حریت فکر کے مجاہد تھے، صاحبزادہ حامد رضا

کل پاکستان کو مولانا نیازی جیسے دلیر اور دیانتدار راہنماؤں کی ضرورت ہے۔ مولانا عبدالستار خان نیازی نے تحریک پاکستان، تحریک ختم نبوت اور تحریک نظام مصطفے میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ مولانا نیازی کا کردار و عمل عہد حاضر کے سیاستدانوں کے لئے مشعل راہ ہے،سربراہ سنی اتحاد کونسل پاکستان

ہفتہ مئی 19:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ مولانا عبدالستار خان نیازی حریت فکر کے مجاہد تھے۔ کل پاکستان کو مولانا نیازی جیسے دلیر اور دیانتدار راہنماؤں کی ضرورت ہے۔ مولانا عبدالستار خان نیازی نے تحریک پاکستان،، تحریک ختم نبوت اور تحریک نظام مصطفے میں قائدانہ کردار ادا کیا۔

مولانا نیازی کا کردار و عمل عہد حاضر کے سیاستدانوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ مولانا عبدالستار خان نیازی زندگی بھر جرات و استقامت کے ساتھ باطل طاغوتی طاقتوں کے خلاف دلیرانہ جدوجہد کرتے رہے۔ اہل حق مولانا نیازی کا مشن مکمل کر کے دم لیں گے۔ ہم اپنے اکابرین کے راستے پر چلتے ہوئے انقلاب نظام مصطفے کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

(جاری ہے)

مولانا نیازی پاکستان کی سیاست کا ایک اجلا کردار تھے۔

وہ زندگی کی آخری سانس تک پاکستان کے استحکام اور اسلام کی سربلندی کے لئے سرگرم عمل رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہرضویہ میں مولانا عبدالستار خان نیازی کی یاد میں منعقدہ ’’ مجاہد ملت سیمینار ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے مفتی محمد حسیب قادری، ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان، مولانا محمد علی نقشبندی، محمد نواز کھرل، راؤ حسیب احمد، مفتی عمران انور، پیر معاذ المصطفے قادری، حاجی رانا شرافت علی قادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی ، ملک بخش الٰہی اور دیگر نے خطاب کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مولانا نیازی سفیر عشق رسول تھے۔ ان کی دینی، قومی اور سیاسی خدمات تاریخ کا روشن باب ہے۔ وہ علم و عمل کا پیکر اور جرات و استقامت کا پہاڑ تھے۔ وہ زندگی بھر اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کے خلاف جنگ لڑتے رہے۔ مولانا نیازی کا نام اور مقام تاقیامت زندہ و تابندہ رہے گا۔ مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ مولانا نیازی بے داغ اور بارعب شخصیت کے مالک باکردار سیاستدان تھے۔

موجودہ دور کے سیاستدان مولانا عبدالستار نیازی کے طرز سیاست کو اپنا آئیڈیل بنائیں۔ ڈاکٹر مفتی محمد کریم خان نے کہا کہ مولانا نیازی پاکستانی قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔ ان کی سیاست کا مرکز و محور اسلام اور پاکستان تھا۔ عاشقان رسول مولانا نیازی کے عظیم مشن کا جھنڈا سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔ سیمینار میں مطالبہ کیا گیا کہ پنجاب یونیورسٹی میں مولانا عبدالستار خان نیازی کی یاد میں چیئر قائم کی جائے۔