پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی کے زیراہتمام ستیانہ روڈ پر بائی پاس کے قریب ماڈل قبرستان(شہر خموشاں)میں تکریم کے ساتھ تدفین کے سلسلے میں تمام تر ضروری سہولیات فراہم کردی گئی

ہفتہ 5 مئی 2018 19:17

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 مئی2018ء) پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی کے زیراہتمام ستیانہ روڈ پر بائی پاس کے قریب ماڈل قبرستان(شہر خموشاں)میں تکریم کے ساتھ تدفین کے سلسلے میں تمام تر ضروری سہولیات فراہم کردی گئی ہیں جن میں میت لے جانے والی گاڑی کے علاوہ کسی وجہ سے تدفین میں تاخیر کی صورت میں میت کو محفوظ رکھنے کے لئے سرد خانہ میں جدید مشینری اور تدفین کے حوالے سے دیگر انتظامات شامل ہیں۔

9کروڑ روپے کی لاگت سے 100کینال اراضی پر قائم کئے گئے ماڈل قبرستان میں بلاامتیاز میت کی تدفین کا آغاز کرنے کے لئے دعائیہ تقریب ہفتہ 5مئی کو دوبجے دوپہر منعقد ہوگی جس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب شہر خموشاں اتھارٹی سلمان صوفی،ڈپٹی کمشنر سلمان غنی،ارکان اسمبلی ودیگر عمائدین شہر موجود ہوں گے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تمام تر سہولیات کی دستیابی کو چیک کرنے کے لئے شہر خموشاں کا دورہ کیا۔انہوں نے سرد خانے،میت کے لئے غسل کے انتظامات،جنازہ گاہ،وضو خانے،ایمبولینس گاڑی،انتظارگاہ ،کنٹرول روم،گارڈ روم،گورکن وقبر کھودنے کے انتظامات اور ماڈل قبرستان کے دیگر حصوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ دعائیہ تقریب کے ساتھ ہی ماڈل قبرستان میں میت دفنانے کا آغاز ہوجائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ میت کو سرد خانے میں محفوظ رکھنے کے لئے پلانٹ درآمد کیا گیا ہے جس میں 30میتوں کی حفاظت کی گنجائش ہے۔انہوںنے بتایا کہ ماڈل قبرستان میں بجلی کے متبادل انتظام کے طور پر ہیوی ڈیوٹی جنریٹر بھی فراہم کیا گیا ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کیلئے سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کی نگرانی کی جائے گی۔اس قبرستان میں ساڑھے چار ہزارقبروں کی گنجائش ہے جبکہ توسیع کے لئے ملحقہ اراضی بھی دستیاب ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہری ٹال فری نمبر0300-3331483پررابطہ کرکے شہر خموشاں میں میت کی تدفین کے بارے میں مطلوبہ معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔