ترکی کے چیف آف دی جنرل سٹاف کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ

ہفتہ مئی 19:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسی آکار نے ہفتہ کو ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادآمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ بعد ازاں جنرل ہولوسی آکار نے ائیرچیف مارشل مجاہد انور خان سے انکے آفس میں ملاقات کی اوردونوں سربراہان نے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

جنرل ہولوسی آکار نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار کو سراہا اور پاک فضائیہ کے تجربات سے سیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں اور انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں برادر ممالک کے مابین موجودہ تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ائیر چیف نے ترک فضائیہ کو ایوی ایشن کے شعبے اور فوجی تربیت میں بھر پور مدد اور تعاون کی پیشکش کی۔