پونے 5ارب روپے لاگت ، 77 کلومیٹر طویل ،وزیراعلیٰ نے حاصل پور۔ بہاولپور دو رویہ سڑک کا افتتاح کردیا

حاصل پور،بہاولپور دورویہ سڑک منی موٹروے ،دوبارہ موقع ملا تو اس سڑک کوبہاول نگر تک لے کر جائیں گے :شہبازشریف میرا خواب ہے چولستان کو سرسبز و شاداب بنا دوں، اس کیلئے ہم دریائے سندھ کے فالتوسیلابی پانی کو جمع کرنے کیلئے بڑا آبی ذخیرہ بنائیں بہاولپور میں میڈیکل یونیورسٹی اور ٹیکنیکل یونیورسٹی بنائیں گے، یزمان ، خیر پور ٹامیوالی اور دیگر علاقوں کو بے حد فائدہ پہنچے گا‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

ہفتہ 5 مئی 2018 19:27

پونے 5ارب روپے لاگت ، 77 کلومیٹر طویل ،وزیراعلیٰ نے حاصل پور۔ بہاولپور ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے حاصل پور۔ بہاولپور دو رویہ سڑک کے منصوبے کا افتتاح کیا -پونے 5ارب روپے کی لاگت سے 77 کلومیٹر اس طویل سڑک کو تیز رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے اور اس سڑک کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت میسر آئی ہے -وزیراعلی نے سڑک کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو بہترین انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے جس سے کاشتکاروں کو بھی زرعی اجناس کھیت سے منڈیوں تک پہنچانے میں سہولت ملے گی- انہوںنے کہاکہ یہ دورویہ سڑک منی موٹروے ہی-دوبارہ موقع ملا تو اس سڑک کو حاصل پور سے بہاول نگر تک لے کر جائیں گے -انہوںنے کہاکہ سڑک کی تعمیر پر پونے 5ارب روپے خرچ ہوئے ہیں اور اس سڑک پر اعلی معیار کا کام ہواہے - وزیراعلی نے آر پی او بہاولپور کو ہدایت کی کہ حادثات کی روک تھام کے لئے فوری طور پراس سڑک پر پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں- انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں سڑکوں ، پلوں اور اوورہیڈ بریجز کا جال بچھا دیا ہے -انہوںنے کہاکہ عوام نے دوبارہ موقع دیا تو ترقی کا یہ سفر تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں گے - موقع ملا تو بہاولپور میں میڈیکل یونیورسٹی اور ٹیکنیکل یونیورسٹی بنائیں گی-وزیر اعلی نے کہا کہ وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ 1985ء سے محمد نواز شریف کے ساتھ ہیں اور ہمارا رشتہ احترام اور عزت پر مبنی ہے اور یہ رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا- انہوں نے حاصل پور، بہاولپور دو رویہ سڑک کے افتتاح پر علاقے کے لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ہیلی کاپٹر سے پورے روٹ کا جائزہ لیا ہے - یہ انتہائی شاندار سڑک ہے اور ہم اسے منی موٹروے کہہ سکتے ہیں - اس سڑک سے علاقے میں معاشی انقلاب برپا ہو گا- سڑک کی تعمیر کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور متعلقہ افراد نے انتہائی لگن اور محنت سے کام کیا ہے جس پر میں انہیں شاباش دیتا ہوں- اس سڑک سے یزمان ، خیر پور ٹامیوالی اور دیگر علاقوں کو بے حد فائدہ پہنچے گا- انہوںنے کہا کہ میں 2013ء کے عام انتخابات کے بعد پہلی فرصت میں بہاولپور آیا تھاتو اس وقت چولستان کے ریگستان ہی یہاں تھا لیکن میں نے آپ سے وعدہ کیا تھا کہ شمسی توانائی کے منصوبے لیکر آؤں گا اور الحمد اللہ یہ وعدہ پورا کیا ہے اور اب چولستان کے ریگستان میں 400 میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے چل رہے ہیں اور لوگوں کو روزگار مل رہا ہے - انہوںنے کہا کہ بھارت نے اپنی جانب کے چولستان کو سرسبز بنایا ہے - وہاں سبزیاں اور پھل بھی اگتے ہیں - میرا خواب ہے اور میری خواہش ہے کہ آپ کے چولستان کو بھی سرسبز و شاداب بنا دوںاور اس کے لئے ہم دریائے سندھ کے فالتو پانی کو جمع کرنے کیلئے ایک بڑا آبی ذخیرہ بنائیں-جس کے پانی سے چولستان کی لاکھوں ایکڑ اراضی سونا اگلے گی اور اس مقصد کیلئے ہم دنیاسے بہترین ماہرین یہاں لائیں گے - اگر ہندوستان چولستان کو مرغزار بنا سکتا ہے تو ہم کیوں نہیں بنا سکتے - انشاء اللہ اگر عام انتخابات میں ہمیں کامیابی ملی تو چولستان کو سبزہ زار بنائیں گے - انہوںنے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ وفاقی وزیر ریاض پیر زادہ الیکشن سے دستبردار نہیں ہوں گے اور الیکشن لڑیں گے اور الیکشن جیتنے کے بعد نہروں میں آنے والی غلاظت اور ویسٹ واٹر کی ٹریٹمنٹ کی ذمہ داری ریاض پیرزادہ کو دیں گے - انہوںنے کہا کہ ہم نے عوام کی حقیر خدمت کی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں اگر آپ نے ہمیں ووٹ دے کر منتخب کیا تو ہم اس علاقے میں میڈیکل یونیورسٹی اور ٹیکنیکل یونیورسٹی بنائیں گے - جس طرح آج ہم نے رحیم یار خان میں خواجہ فرید انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنائی ہے - تقریب سے وفاقی وزیر ریاض حسین پیر زادہ ، اراکین پنجاب اسمبلی محمد کاظم علی پیر زادہ اور محمد افضل گل نے بھی خطاب کیا-