صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں تحصیل سطح پر پلے گرائونڈز تعمیر کئے ہیں،محمودخان

صوبائی حکومت نے صوبے میں نوجوانوں کیلئے اعلیٰ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں تندرست و توانا رکھنے کیلئے کھیل کود کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں

ہفتہ مئی 20:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و آبپاشی اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں نوجوانوں کیلئے اعلیٰ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ انہیں تندرست و توانا رکھنے کیلئے کھیل کود کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ساتھ کھیل کی دنیا میں بھی اپنا اور ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار نے قیوم سٹیڈیم پشاور میں انڈر ٹوئنٹی تھری گیمز کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری کھیل خیبر پختونخوا طارق خان ، ڈائریکٹر جنرل کھیل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے بھر میں تحصیل سطح پر پلے گرائونڈز تعمیر کئے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں چارسدہ ، کوہاٹ ، ایبٹ آباد اور ڈی آئی خان میں جدید سہولیات سے آراستہ سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے گئے ہیں اور عنقریب مٹہ سوات میں بھی ساٹھ کروڑ روپے کی خطیر رقم سے جدید طرز کے ایک سپورٹس کپلیکس پر تعمیراتی کام شروع کیا جائے گا جس سے نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے حصول میں آسانی ہو گی۔

محمود خان نے کہا کہ کھیل کے حوالے سے خیبر پختونخوا کا خطہ انتہائی زرخیز ہے ، بس ضرورت صرف یہاں کے نوجوانوں کو سازگار ماحول اور سہولیات کی فراہمی ہے جس کیلئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور ان ہی اقدامات سے ہمارے نوجوان بھر پور استفادہ کرتے ہوئے اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھیں گے اور اپنا آپ عالمی سطح پر منوائیں گے۔