متحدہ مجلس عمل قوم کے دلوں کی آواز بن چکی ہے‘میاں مقصود احمد

ْ عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہونے چاہئیں،انتخابات میں تاخیر ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے کرپٹ افراد سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت وصول کرکے پاکستان کو خوشحال بناناوقت کا اہم ترین تقاضا ہے

ہفتہ 5 مئی 2018 20:06

متحدہ مجلس عمل قوم کے دلوں کی آواز بن چکی ہے‘میاں مقصود احمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ عام انتخابات 2018میں اپنے وقت پر ہی ہونے چاہئیں ،انتخابات میں تاخیر ملک وقوم کے مفاد میں نہیں ہے،اس حوالے سے میڈیا میں خبریں آرہی ہیںکہ الیکشن شاید چند مہینوں تک ملتوی ہوجائیں ،الیکشن کمیشن کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بروقت انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار اداکرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ مرکز اور صوبوں میں شفاف اور غیر جانبدار نگران حکومتوں کے قیام کے لیے بھی ضروری ہے کہ صاف ستھری اور اچھی شہرت کے حامل افراد کو ہی عبوری حکومت میں لایاجائے تاکہ منصفانہ انتخابات کاعمل بروقت ممکن ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستانی عوام کرپٹ اور بدعنوان حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے ،اب وہ دیانتدار،باکردار اور محب وطن قیادت کو برسراقتدار دیکھنا چاہتے ہیں۔

اب دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی بحالی ہوچکی ہے۔اسلام آباد میں کامیاب کنونشن کے بعد انشاء اللہ اب13مئی کو مینار پاکستان پر ہونے والامتحدہ مجلس عمل کاجلسہ تاریخی اورعظیم الشان ہوگا۔اس حوالے سے بڑے پیمانے پر تیاریاں جاری ہیں۔انتظامی کمیٹیوں نے اپناکام شروع کردیا ہے۔13مئی کاجلسہ حاضری اور انتظامات کے حوالے سے مثالی ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل قوم کے دلوں کی آواز بن چکی ہے۔انشاء اللہ2018کے انتخابات میں کے پی کے،کراچی،پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں مجلس عمل2002کی طرح نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گی۔انہوں نے کہاکہ انتخاب اور احتساب کا عمل ساتھ ساتھ چلنا چاہئے جس نے بھی کرپشن کی ہے اُسے عبرت ناک سزاملنی چاہئے۔کرپٹ افراد سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت وصول کرکے پاکستان کو خوشحال بناناوقت کا اہم ترین تقاضا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاناماکیس،دبئی لیکس اور قرضے معاف کرانے والوں کابلاامتیازاحتساب ہونا چاہئے۔پاناماکیس میں 436پاکستانیوں کوبھی احتساب کے کٹہرے میں لاکر قومی دولت کو پاکستان واپس لایاجائے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ متحدہ مجلس ملک میں شاندار اسلامی انقلاب لائے گی اور معاشرے میں ناانصافی کاخاتمہ کیاجائے گا۔معاشرے سے غربت اور جہالت کو ختم کرکے تعلیم اور صحت کی سہولتیں عوام کو فراہم کی جائیں گی۔