پاکستانی طوطے کا صدر طیب اردگان کو بوسہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ہفتہ 5 مئی 2018 20:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2018ء) ترکی کے صدرطیب اردگان کو پہچاننے والے ایک پاکستانی طوطے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس طوطا ترک صدر کی تصویر کا بوسہ لیتے دکھایا گیا ہے۔ترکی میں صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کی مہم اپنے زوروں پر ہے، ایسے میں ایک پاکستانی نے ترک صدر سے طوطے کے اظہار شناسائی پر مبنی ویڈیو بنا کر جاری کی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سبز رنگ کا پاکستانی طوطا پہلے صدر طیب اردگان کا پورا نام پکارتا ہے جس کے بعد ان کی تصویر کا بوسہ لیتا ہے۔ویڈیو پاکستان ہی نہیں بلکہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ترکی سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں وائرل ہوئی ہے۔ سوشل میڈیا سائٹس پر اس ویڈیو کو دیکھنے والے افراد کی تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

یوٹیوب ہو یا فیس بک بڑی تعداد میں لوگ اس ویڈیو کو شیئر کررہے ہیں۔

واٹس ایپ پر بھی لوگ اپنے عزیزاقارب کو یہ ویڈیو بھیج رہے ہیں جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ترک انتخابات میں پاکستانیوں کو خاصی دلچسپی ہے۔حقیقی زندگی کی طرح سوشل میڈیا پر بھی پاکستان اور ترکی کے تعلقات برادرانہ اور دونوں ملکوں کا تعلق خاصا مضبوط نظر آتا ہے۔ سوشل میڈیا پر آئے دن ایسی ویڈیو یا دیگر مواد وائرل ہوتا ہے جہاں ترک شہری پاکستان اور پاکستانیوں کے متعلق اچھے جذبات کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں۔