لوڈشیڈنگ کے خلاف پیپلز پارٹی نے دھرنوں کا اعلان کردیا

پہلا دھرناآج لاڑکانہ میں دیا جائے گا، جس سے وزیراطلاعات سندھ اور صوبائی قیادت خطاب کرے گی

ہفتہ مئی 20:11

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث وفاقی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دینے کا اعلان کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پہلا دھرناآج(اتوار) لاڑکانہ میں دیا جائے گا، جس سے وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ اور صوبائی قیادت خطاب کرے گی،لاڑکانہ کے بعد کراچی ، حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں دھرنے دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع پیپلز پارٹی کا موقف ہے کہ وفاق سندھ میں 18گھنٹے کی لودشیڈنگ کرکے عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے، اور سندھ کی عوام کو سزا دے رہی ہے۔دوسری جانب شہر قائد میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے، شہر کے کئی علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری شدید اذیت کا شکار ہیں ،جبکہ کورنگی اور دیگر علاقوں میں تیرہ گھنٹے بجلی غائب رہنے سے پانی کا بھی سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے۔