کراچی میں سی این جی کی بندش،ٹرانسپورٹرز نے حب کا رخ کر لیا

ْحب کے سی این جی اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر

ہفتہ مئی 20:11

کراچی میں سی این جی کی بندش،ٹرانسپورٹرز نے حب کا رخ کر لیا
کراچی/حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2018ء) کراچی میں سی این جی کی بندش،ٹرانسپورٹرز نے حب کا رخ کر لیاہے،حب کے سی این جی اسٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو ئی ہے۔سینکڑوں کی تعداد میں آنے والی ان گاڑیوں کی وجہ سے حب کی مین آر سی ڈی شاہراہ پر ٹریفک کے بد ترین دبائو کی وجہ سے مقامی شہریوں کو شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی میں سی این جی کی بندش کے ساتھ ہی کراچی کے ٹرانسپورٹرز کی ایک بڑی تعداد کراچی سے ملحقہ بلوچستان کے شہر حب کا رخ کر لیتی ہے جہاں سی این جی کے حصول کے لیے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ٹرانسپورٹرزنے بتایاکہ کراچی میں آئے دن کی سی این جی بندش کے بعد ہمارے پاس حب آنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہتا،یہ حکومت کی زمہ داری ہے کہ وہ ہمیں سہولت مہیا کرے،،سی این جی کی بندش کے بعد لوکل ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے والے لاکھوں مسافر رل جاتے ہیں،مگر حکومت کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب حب انتظامیہ سینکڑوں کی تعداد میں حب کا رخ کرنے والی ان گاڑیوں کے حوالے سے کسی قسم کی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی جس کی وجہ سے حب کی مرکزی شاہراہ پر بد ترین ٹریفک جام ہونا معمول بن گیا ہے۔واضع رہے کہ سندھ میں گیس لوڈ مینجمنٹ پروگرام کے تحت سی این جی کی بندش در پیش آنے پر ٹرانسپورٹرز حب کا رخ کرتے ہیں جہاں سی این جی بحران نہیں ہے۔